خبریں

حلالہ اور کثرت ازدواج کے خلاف سپریم کورٹ میں مقدمہ کرنے والی خاتون پر ایسڈ اٹیک

شبنم کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کی حالت تشویش ناک بنی ہوئی ہے۔ انھوں  نے اپنے دیور پر ایسڈ اٹیک کا الزام لگایا ہے۔

علامتی تصویر

علامتی تصویر

نئی دہلی: اتر پردیش کے بلند شہر میں سر بازار ڈپٹی گنج پولیس چوکی کے پاس تین طلاق متاثرہ پر ایسڈ اٹیک کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ خاتون نے اپنے دیور پر حملے کا الزام لگایا ہے۔ پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ خاتون کو ضلع اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ جہاں اس کا علاج کیا جا رہا ہے۔ واقعہ کے بعد پولیس محکمے میں ہڑ کمپ مچا ہوا ہے۔ دہلی کے اوکھلا کی رہنے والی شبنم رانی کی شادی اگوتا کے جولی گڑھ میں مزمل سے ہوا تھا۔ شبنم کے 3 بچے بھی ہیں۔

شادی کے بعد مزمل نے شبنم کو طلاق دے دے دیا۔ طلاق کی وجہ شبنم اپنے دیور پر بری نیت رکھنے اور حلالہ کا دباؤ بتاتی ہیں۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق،شبنم کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر بھی اس دباؤ میں شامل تھے ،مگر شبنم نے حلالہ منظور نہیں کیا، جس کی وجہ سے اس پر ظلم و ستم بڑھ گئے ۔ شبنم نے حلالہ اور کثرت ازدواج کو لے کر سپریم کورٹ میں رٹ دائر کی  اور یہ معاملہ میڈیا کی سرخیوں میں آیا۔

میڈیا رپورٹس  کے مطابق ،جمعرات کو ڈپٹی گنج میں شبنم رانی اور ان کے بیٹے  پر ایسڈ اٹیک کیا گیا۔ اس میں شبنم اور ان کا بیٹا بری طرح جھلس گئے  ہیں۔ شبنم کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کی حالت تشویش ناک بنی ہوئی ہے۔غور طلب ہے کہ تین طلاق کے بعد دوبارہ رکھنے کے لیے شبنم کو اپنے دیور سے حلالہ کا فرمان سنایا گیا تھا۔ اس کی مخالفت میں شبنم نے آواز بلند کی اور حالالہ ، کثرت ازدواج کے خلاف سپریم کورٹ میں رٹ دائر کر دی۔

لائیو ہندوستان کے مطابق؛ وادرات کی اطلاع ملنے پر ڈی ایم انوج کمارجھا، ایس ایس پی کے بی سنگھ اور دیگر افسر ضلع اسپتال پہنچ گئے اور متاثرہ سے معاملے کی جانکاری لی۔ خبر لکھے جانے  تک اس معاملے میں  رپورٹ درج نہیں ہوئی تھی، پولیس نے خاتون کے کپڑوں کو فارینسک جانچ کے لیے بھیج دیا ہے۔