خبریں

مہنگائی کی آگ مودی حکومت کو بہت مہنگی پڑے گی: رام دیو

بی جے پی کے لیے کیمپین کرنے کے سوال پر یوگ گرو رام دیو نے کہا،’میں کیوں کروں گا، میں ان کے لیے کیمپین نہیں کروں گا۔ ‘

فائل فوٹو: رائٹرس

فائل فوٹو: رائٹرس

نئی دہلی: یوگ گرو بابا رام دیو نے کہا ہے کہ ملک بھر میں مہنگائی پر اگر جلد ہی قابو نہیں کیا گیا تو اگلے عام انتخابات میں مودی حکومت کے لیے یہ مہنگا ثابت ہوگا۔ رام دیو نے کہا کہ وہ 2019 میں بی جے پی کی حمایت میں کیمپین نہیں کریں گے، جیسا 2014 کے انتخاب میں انھوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی حمایت میں سر گرمی سے تشہیر کی تھی۔

گزشتہ اتوار کو ایک نیوز چینل کی طرف سے منعقد کانفرنس میں رام دیو نے کہا ،’ کئی لوگ مودی حکومت کی پالیسیوں کی تعریف کرتے ہیں لیکن اب اس میں اصلاح کی ضرورت ہے۔ مہنگائی بہت بڑا مدعا ہے اور مودی جی کو جلد اصلاحی اقدام کرنے ہوں گے۔ ایسا کرنے میں ناکام رہنے پر مہنگائی کی آگ مودی حکومت کو بہت مہنگی پڑے گی۔ ‘ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت سمیت مہنگائی کو کم کرنے کے لیے قدم اٹھانا شروع کرنا ہوگا۔رام دیو نے اس سوال کو ٹال دیا کہ کیا ان کا مودی حکومت میں اب بھی یقین ہے جیسا کہ انھوں نے 2014 میں ظاہر کیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ وہ نہ تو رائٹ ونگ کے ہیں اور نہ ہی لیفٹ ونگ کے ہیں بلکہ وہ درمیان کے ہیں۔ کسی کو بھی  ان کو کریدنا نہیں چاہیے کیونکہ انھوں نے کئی اہم مدعوں پر ‘مون یوگ’ کیا ہے۔ رام دیو نے یہ بھی کہا کہ وہ شدید طور پر راشٹر وادی ہیں۔

یہ پوچھے جانے پر کہ کیا وہ بی جے پی کے لیے کیمپین کریں گے، انھوں نے کہا،’ میں کیوں کروں گا، میں ان کے لیے کیمپین نہیں کروں گا۔ ‘ انھوں نے مزید کہا،’ میں سیاست سے الگ ہو چکا ہوں ، میں سبھی پارٹیوں کے ساتھ ہوں اور میں انڈیپنڈنٹ ہوں۔’ 52 سالہ یوگ گرو نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی تنقید کرنا لوگوں کا ‘بنیادی حق’ ہے۔ رام دیو نے کہا کہ سوچھ بھارت مشن شروع کرکے اور کوئی بڑا گھوٹالہ نہیں ہونے دے کر انھوں نے ‘ اچھا کام’ کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت کو پیٹرول اور ڈیزل کو جی ایس ٹی کے دائرے میں لانا چاہیے اور ان کو اس کو سب سے نیچے رکھنا چاہیےکیونکہ لوگوں کی جیب خالی ہو رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ریونیو میں نقصان ہونے کی وجہ سے ملک چلنا بند نہیں ہو جائے گا اور اس کی بھرپائی امیروں پر زیادہ ٹیکس لگا کر کی جا سکتی ہے۔

رام دیو نے یہ بھی کہا کہ ریپ کے بڑھتے معاملوں کی وجہ سے کچھ لوگوں کے ذریعے ہندوستان کو ‘ریپ کیپٹل’ بتایا جانا شرم ناک ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اس کو روکنے میں یوگ مدد کر سکتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ‘عریانیت ‘ بڑھتے  جرم کے لیے ذمہ دار وجہوں میں سے ایک ہے اور وہ اس کی حمایت نہیں کرتے۔ انھوں نے کہا ،’ میں موڈرن  ہوں لیکن  موڈرنزم  کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ عریانیت میں شامل ہوں۔ ہم مہذب سماج میں رہ رہے ہیں۔’

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)