خبریں

تریپورہ : بی جے پی نے پنچایت ضمنی انتخاب میں 96 فیصد سیٹوں پر بلا مقابلہ جیت حاصل کی

حزب مخالف پارٹیوں اور بی جے پی سے الگ دیہی ضمنی انتخاب لڑ رہی آئی پی ایف ٹی نے الزام لگایا ہے کہ منتخب نمائندوں کو بی جے پی نے استعفیٰ دینے پر مجبور کیا اور ان کے امیدواروں کو انتخاب کے لئے نامزدگی کی اجازت نہیں دی۔

(علامتی فوٹو : پی ٹی آئی)

(علامتی فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی : تریپورہ میں حکمراں بی جے پی نے تین سطحی پنچایت  ضمنی انتخاب میں تقریباً 96 فیصد سیٹوں پر بلا مقابلہ جیت حاصل کی۔ ریاست میں یہ ضمنی انتخاب 30 ستمبر کو ہونے والے تھے۔ ریاستی انتخابی کمشنر جی‌کے راؤ نے منگل کو کہا کہ بی جے پی اور Indigenous People’s Front of Tripura (آئی پی ایف ٹی) اتحاد کے مارچ میں اقتدار میں آنے پر بڑی تعداد میں گرام پنچایت، پنچایت کمیٹیوں اور ضلع کاؤنسل کے ممبروں کا استعفیٰ دینے پر 3000 سے زیادہ سیٹیں خالی ہو گئیں۔

حزب مخالف پارٹیوں اور بی جے پی سے الگ دیہی ضمنی انتخاب لڑ رہی آئی پی ایف ٹی نے الزام لگایا ہے کہ منتخب نمائندوں کو بی جے پی نے استعفیٰ دینے پر مجبور کیا اور اس نے ان کے امیدواروں کو انتخاب کے لئے نامزدگی دائر کرنے کی اجازت نہیں دی۔ ضمنی انتخاب 3386 سیٹوں پر ہونے والے تھے۔ ان میں سے گرام پنچایت کی 3207، پنچایت سمیتی کی 16118ضلع کاؤنسل کی سیٹیں بھی شامل تھیں۔ حالانکہ، ان میں سے 3247 سیٹوں (95.89 فیصد) پر بی جے پی کو بلا مقابلہ جیت حاصل ہوئی۔

راؤ نے کہا، ‘ اب 30 ستمبر کو ضمنی انتخاب صرف 132 گرام پنچایت سیٹوں اور سات پنچایت سمیتی سیٹوں پر ہی ہوں‌گے۔ باقی سیٹوں پر بی جے پی کو بلا مقابلہ جیت حاصل ہوئی۔ ‘؟ انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، ضلع کاؤنسل کی تمام سیٹیں بنا انتخاب لڑے ہی بلا مقابلہ جیت لی گئی ہیں۔ سی پی ایم، کانگریس اور آئی پی ایف ٹی کا انتخاب ملتوی کرنے کی مانگ پر انہوں نے کہا کہ اب ایسا نہیں کیا جا سکتا کیونکہ جن دفتروں میں نامزدگی  داخل کی گئی  وہاں کوئی تشدد نہیں ہوا۔

 حزب مخالف جماعتوں اور آئی پی ایف ٹی نے الزام لگایا تھا کہ بی جے پی نے ان کے امیدواروں کو نامزدگی دائر نہیں کرنے دیا۔ راؤ نے کہا، ‘ بلاک ڈیولپمنٹ افسروں  کے خلاف ایک بھی شکایت نہیں ہے جنہوں نے گرام پنچایت انتخابات میں الیکشن آفیسر  کے طور پر کام کیا یا ضلع مجسٹریٹ کے خلاف بھی کوئی شکایت نہیں ہے جنہوں نے ضلع کاؤنسل انتخابات میں الیکشن آفیسر  کے طور پر کام کیا۔ ‘ راؤ نے کہا کہ پولیس کے خلاف بھی کوئی شکایت نہیں ہے۔