خبریں

اتر پردیش کے بہرائچ ضلع اسپتال میں 71 بچوں کی موت

اتر پردیش کے بہرائچ ضلع اسپتال میں گزشتہ 45 دنوں میں 71 بچوں کی موت ہو چکی ہے۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کا کہنا ہے کہ محدود وسائل کی وجہ سے اسپتال کو کافی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

فوٹو: اے این آئی

فوٹو: اے این آئی

نئی دہلی: اتر پردیش سے ایک بار پھر بڑی تعداد میں بچوں کی موت کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ گزشتہ کئی دنوں سے بہرائچ کے ضلع اسپتال میں کافی تعداد میں بچوں کی موت ہوئی ہے۔خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق ؛ گزشتہ 45 دنوں میں بہرائچ کے ضلع اسپتال میں 71 بچوں کی موت ہو چکی ہے۔

اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی کے سنگھ نے کہا،’ مختلف بیماریوں کی وجہ سے بچوں کی موت ہوئی ہے۔ ہمارے پاس 200 بستر ہیں لیکن ابھی 450 مریض بھرتی ہیں۔ ہم لوگوں کی زندگی بچانے کے لیے ہر ممکن مدد کر رہے ہیں۔ ‘سنگھ نے بتایا کہ نزدیکی گاؤں کے لوگ یہاں علاج کے لیے اپنے بچوں کو بھرتی کراتے ہیں ۔لیکن محدود وسائل کی وجہ سے اسپتال انتظامیہ کو کافی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

غور طلب ہے کہ گزشتہ جولائی مہینے میں رپورٹ آئی تھی کہ اتر پردیش کے گورکھپور واقع بی آر ڈی میڈیکل کالج میں 6 مہینوں میں 1049 بچوں کی موت ہو گئی ہے۔ ان میں دماغی بخار  سے متاثر 73 بچے شامل ہیں۔ اس عرصے میں سب سے زیادہ این آئی سی یو (نیو نیٹل انٹیسو کیئر یونٹ)میں 681 بچوں کی موت ہوئی۔

یہ بچے انفیکشن ، سانس سے متعلق دقتوں ، کم وزن وغیرہ بیماریوں کا شکار تھے۔ اس سال دماغی بخار سے بچوں کی موت بڑھ گئی ہے۔ حال ہی میں اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ آئی ہےجس کے مطابق؛ہندوستان میں اوسطاً ہر 2 منٹ میں 3 نوزائیدہ کی موت ہو جاتی ہے۔ اس کی وجہ پانی، صفائی ،مناسب غذا یا بنیادی صحت سہولیات کی کمی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں سال 2017 میں 802000نوزائیدہ بچوں کی موت ہوئی تھی۔ حالانکہ یہ اعدادو شمار گزشتہ 5 سال میں سب سے کم ہے۔ لیکن دنیا بھر میں یہ اعداد وشمار سب سے زیادہ ہیں۔