خبریں

اتر پردیش: لو افیئر  سے ناراض بھائی نے کیا بہن کا پیٹ پیٹ کر قتل

پرتاپ گڑھ ضلع کی رہنے والی انیتا جتیندر نام کے ایک شخص سے محبت کرتی تھی ۔اسپتال لے جاتے وقت انیتا کی موت ہوگئی وہیں جتیندر کا اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔

Pratapgarh

نئی دہلی: پرتاپ گڑھ ضلع میں جھوٹی شان کی خاطر قتل کے معاملے میں ایک شخص نے لو افیئر سے ناراض ہو کر اپنی بہن کا مبینہ طور پر ڈنڈے سے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔ اے سی پی پورنیندو سنگھ نے جمعرات کو بتایا کہ شہر کوتوالی واقع راج گڑھ گاؤں کے رہنے والے رام کشور کی بیٹی انیتا دیوی (27)منا عرف جتیندر کمار سے پیار کرتی تھی۔

لڑکی کا بھائی اشوک اس رشتے کے خلاف  تھا ۔ سنگھ نے بتایا کہ بدھ کی شام اشوک نے انیتا اور جتیندر کو بات کرتے دیکھ لیا۔ اس کے بعد طیش میں آکر اس نے دونوں کو ڈنڈے سے پیٹ پیٹ کر سنگین طور پر زخمی کر دیا۔ دونوں کو ضلع اسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انیتا کی حالت خراب ہوتے  دیکھ اس کو الہ آباد میڈیکل کالج ریفر کر دیا۔

وہاں لے جاتے وقت دیر رات انیتا کی راستے میں ہی موت ہو گئی۔ انھوں نے بتایا کہ جتیندر کا ضلع اسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے۔ پولیس نے لڑکی کے والد رام کشور کی تحریر پر اشوک کے خلاف قتل کا معاملہ درج کر کے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج کر جانچ شروع کر دی ہے۔ ہندوستان کی رپورٹ کے مطابق؛نگر کوتوالی تھانہ حلقہ کے تگنائتپور کے رہنے والے رام کشور گوتم کی تین بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔

اس میں سےانیتا(27)سب سے چھوٹی تھی۔ انیتا سرائے ویر بھدر کے رہنے والے جتیندر گوتم عرف منا(28)سے پیار کرتی تھی۔ منا ایک بیٹی کا باپ ہے۔ حالانکہ اس کی بیوی کی موت ہو چکی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بدھ کو دن میں تقریباً2 بجے جب اشوک نے اپنی بہن انیتا سے شادی کرنے کی بات کرنے پہنچے منا کو پیٹ کر زخمی کر دیا تو  گاؤں والے اکٹھا ہونے لگے۔

لوگوں کا کہنا تھا کہ اگر انیتا منا سے شادی کرتی ہے تو اس میں کوئی برائی نہیں ہے۔ حالانکہ وہ نہیں مانا اور اپنی بہن کی ڈنڈے سے پٹائی کی جس کی وجہ سے اس کی موت ہو گئی۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)