خبریں

کیا میڈیا نے لانس نایک سندیپ سنگھ کے سرجیکل اسٹرائیک  کا حصہ ہونے کی فرضی خبر چلائی؟

انڈین آرمی کے لانس نایک سندیپ سنگھ سوموار کو جموں و کشمیر کے تنگدھار سیکٹر میں ہوئے ایک انکاؤنٹر میں مارے گئے تھے۔

مختلف میڈیا ہاؤس کے ذریعے شہید سندیپ سنگھ کو سرجیکل اسٹرائیک کرنے والی ٹیم کا حصہ بتایا گیا تھا۔

مختلف میڈیا ہاؤس کے ذریعے سندیپ سنگھ کو سرجیکل اسٹرائیک کرنے والی ٹیم کا حصہ بتایا گیا تھا۔

نئی دہلی: انڈین آرمی کے لانس نایک سندیپ سنگھ گزشتہ سوموار کو جموں و کشمیر کے تنگدھار سیکٹر میں ہوئے ایک انکاؤنٹر میں مارے  گئے ۔ یہ انکاؤنٹر سنیچر سے شروع ہوا تھا جس میں کل 5 دہشت گرد مار گرائے گئے۔ پنجاب کے گرداس پور ضلع کے رہنے والے سندیپ سنگھ 2007 میں آرمی میں بھرتی ہوئے تھے۔ ان کی ڈیوٹی ادھم پور میں تھی،لیکن گھس پیٹھ کی خبر کے بعد ان کو تنگدھار بھیجا گیا تھا۔ لانس نایک سندیپ سنگھ اپنے پیچھے بیوی اور 5 سال کے بیٹے کو چھوڑ گئے ہیں۔

اب سندیپ سنگھ کو لے کر ایک دعویٰ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ سندیپ دو سال پہلے پاکستان میں کیے گئے سرجیکل اسٹرائیک کا حصہ تھے۔ کئی بڑے میڈیا اداروں نے سندیپ کے سرجیکل اسٹرائیک کرنے والی ٹیم کا حصہ ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ گوگل پر سندیپ سنگھ سرجیکل اسٹرائیک سرچ کرنے پر کئی خبریں سامنے آ جاتی ہیں۔

جن ستا، انڈیا ٹی وی، نو بھارت ٹائمس، دینک بھاسکر ، اے بی پی نیوز، امر جالا ، آج تک  ، این ڈی ٹی وی، دینک جاگرن اور زی نیوز جیسے کئی اداروں نے اپنے رپورتاژ اور ویڈیو میں سندیپ سنگھ کو سرجیکل اسٹرائیک کا حصہ بتایا ہے۔ نیوز ایجنسی اے این آئی نے بھی سندیپ سنگھ کے سرجیکل اسٹرائیک کا حصہ ہونے سے متعلق ٹوئٹ کیا ہے۔

surgical

اتنا ہی نہیں کئی فیس بک گروپ میں بھی ایسی پوسٹ ڈالی گئی ہے۔‘پنجابی اسٹیٹس’فیس بک گروپ میں ایک یوزرنے پوسٹ ڈالی ہے۔ انھوں نے سندیپ سنگھ کے سرجیکل اسٹرائیک میں اہم رول نبھانے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس پوسٹ کو 11 ہزار سے زیادہ لائیک اور 652 بار شیئر کیا جا چکا ہے۔ ایسے ہی ‘وی سپورٹ نریندر مودی’ نام کے فیس بک گروپ میں بھی خود کو بی جے پی کارکن بتانے والے ونود جایسوال نے بھی کچھ ایسا ہی دعویٰ کیا ہے۔ جس کو اب تک 2.9 ہزار بار لائک کیا جا چکا ہے۔ اور 294 بار شیئر کیا ہے۔

حالانکہ انڈین آرمی نے وائرل دعوے کو لے کر ایک بیان جاری کیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس نے یہ خبر دی ہے۔ دی ویک ، انڈیا ڈاٹ کام ، دی کونٹ جیسے کچھ میڈیا ہاؤس نے یہ خبر چھاپی بھی ہے۔ اس کے مطابق ، آرمی نے سندیپ سنگھ کے سرجیکل اسٹرائیک میں حصہ لینے والی 4 پیرا یونٹ کا حصہ ہونے کے دعووں کو خارج کر دیاہے۔ وزارت دفاع کے ترجمان راجیش کالیا نے سندیپ سنگھ کے سرجیکل اسٹرائیک میں شامل ہونے کے دعووں کو بے بنیاد بتایا ۔

حالانکہ اس کے باوجود کئی میڈیا ہاؤس نے اس کو لے کر صحیح خبر نہیں چلائی ہے۔ غور طلب ہے کہ یہ خبر ایسے موقع پر چلائی گئی ،جب مودی حکومت سرجیکل اسٹرائیک کے 2 سال پورے ہونے پر ‘پراکرم پرو’ منا رہی ہے۔ اسی وقت مبینہ طور پر سرجیکل اسٹرائیک پر مبنی ‘اڑی’ فلم کا ٹیزر بھی جاری کیا گیا ہے۔ اس فلم کے اہم ایکٹر وکی کوشل نے بھی سندیپ کو سرجیکل اسٹرائیک کرنے والی ٹیم کا حصہ بتاتے ہوئے انسٹاگرام پر خراج عقیدت پیش کی تھی۔

(دی وائر کے قاری سندیپ سنگھ کے تعاون کے ساتھ)