خبریں

ایم جے اکبر معاملے میں بی جے پی کا تبصرے سے انکار،سبھاش گھئی،سہیل سیٹھ سمیت کئی ہستیوں پر جنسی استحصال کے الزامات

MeToo#:سوشل میڈیا پر عورتوں نے بزنس مین اور فلم پروڈیوسرسہیل سیٹھ ، فلمساز اور شو مین سبھاش گھئی اور ایکٹر پیوش مشرا پر الزام لگائے ہیں ۔

فوٹو: دی وائر

فوٹو: دی وائر

نئی دہلی : می ٹو مہم میں روز نئے نام جڑ رہے ہیں ۔ فلمساز اورشو مین سبھاش گھئی کے علاوہ پیوش مشرا کو بھی اس میں نشانہ بنایا گیا ہے۔انڈین ایکسپریس سے ایک بات چیت میں سبھاش گھئی نے اپنے اوپر لگائے گئے جنسی استحصال کے الزامات کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ میں نے ہمیشہ عورتوں کا احترام کیا ہے چاہے وہ کام کرنے کی جگہ پر ہو یا گھر میں ہو۔ کام کاج کی جگہ پر ہونے والے جنسی استحصال کے خلاف چلنے والی می ٹو مہم کو جہاں تیزی سے لوگوں کی حمایت مل رہی ہے وہیں مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے مرکزی وزیر ایم جے اکبر سے ان پر لگے جنسی استحصال کے الزام پر چپی توڑنے کو کہا ہے ۔

مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے مزید کہا کہ ان عورتوں کے ساتھ انصاف ہونا چاہیے جو اپنی باتیں رکھ رہی ہیں ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان عورتوں کا مذاق نہیں اڑایا جانا چاہیے ۔بی جے پی ترجمان سمبت پاترا اور وزیر قانون روی شنکر پرساد نے ایم جے اکبر کے معاملے میں تبصرہ کرنے سے منع کر دیا۔واضح ہوکہ ایم جے اکبر ابھی غیر ملکی دورے پر ہیں ۔ اتوار تک ان کے لوٹنے کی امید ہے ۔انہوں نے اپنے خلاف لگائے الزام پر ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے ۔وہیں شیو سینا نے ان کے استعفیٰ کی مانگ کی ہے ۔

مدھیہ پردیش بی جے پی مہیلا مورچہ کی صدر لتا کیلکر نے می ٹو مہم کے حوالے سے ایم جے اکبر پر لگے الزامات کے بارے میں کہا ہے کہ ؛ جن لوگوں نے ان پر الزام لگائے ہیں وہ سب کی سب صحافی ہیں ۔میں خاتون صحافی کو معصوم نہیں کہتی ،جس کا کوئی بھی غلط استعمال کر سکے ۔ یہ جو می ٹو مہم شروع ہوئی ہے میں اس کا خیر مقدم کرتی ہوں اور مانتی ہوں کہ اس سے ہمت ملی ہے کہ وہ اپنے اوپر ہوئے ظلم کو بتا سکتی ہیں ،کیوں کہ کہا ہماری ترجیحات ہیں کہ عورتیں اپنی بات کہیں ۔

غورطلب ہے کہ تنو شری دتا کی شکایت کے بعد ممبئی پولیس نے نانا پاٹیکر اور گنیش آچاریہ سمیت دو اور لوگوں کے خلاف جانچ شروع کر دی ہے ۔جنسی استحصال کے معاملے میں معروف بزنس مین سہیل سیٹھ کا نام بھی سامنے آیا ہے ۔ 55سالہ سہیل سیٹھ پر اب تک 4عورتوں نے جنسی استحصال کے الزام لگائے ہیں ۔بدھ کو 27سالہ فلمساز نتاشجہ راٹھور نے سوشل میڈیا پر وہاٹس ایپ کے اسکرین شاٹ پوسٹ کیے ہیں جس میں انہوں نے جنسی استحصال کا الزام لگاتے ہوئے اسی ہفتے سہیل سیٹھ کو بھیجا تھا ۔ یہ واقعہ گڑگاؤں کا ہے۔

اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا ہے کہ میری مخالفت کے باوجود آپ نے مجھے زبردستی کس کیا تھا ۔میں نے آپ سے کہا تھا کہ تمیز سے پیش آئیے ۔نشے کی حالت میں آپ نے اپنا ہاتھ میرے کرتے میں ڈال دیا تھا۔انڈین ایکسپریس سے بات چیت میں راٹھور نے کہا کہ میں ان سے ایک پارٹی میں ملی تھی جب میرے باس نے مجھے ان سے ملنے کے لیے کہا تھا ۔انہوں نے مجھ سے جن پتھ آکر ان کے ساتھ آئس کریم کھانے کے لیے کہا تھا ۔ دو بار تو میں نے منع کردیا لیکن وہ اپنی بات پر اڑے رہے تو میں ان کی کار میں بیٹھ گئی لیکن ہم جن پتھ نہیں گئے بلکہ وہ مجھے اپنے گھر لے گئے ۔

انڈین ایکسپریس نے اس معاملے میں جب سیٹھ سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ وہ 10منٹ میں ٹوئٹر پر اپنا بیان جاری کریں گے ،لیکن خبر لکھے جانے تک ان کا کوئی بیان نہیں آیا ہے۔بدھ کو انڈین ایکسپریس میں کام کر چکیں 33سالہ صحافی منداکنی گہلوت نے بھی سہیل سیٹھ پر الزام لگائے ۔ کئی ٹوئٹ سیریز میں منداکنی نے عورتوں کے ساتھ سہیل کے غلط رویے کے بارے میں بتایا ہے۔

منداکنی نے اپنے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ 2011میں گوامیں ایک تقریب کے بعد جب میں سب لوگوں کو گڈ بائے کر رہی تھی تو ان سے مل کر واپس لوٹنا چاہ رہی تھی ،لیکن بنا میری مرضی کے جبراً انہوں نے میرے ہونٹوں پر کس کیا ۔ میں حیران رہ گئی ۔ میں نے ان سے کہا کہ سہیل آپ ایسا نہیں کر سکتے۔انہوں نے مزید لکھا ہے کہ پتہ نہیں کیوں میں نے اس کی رسمی شکایت درج نہیں کروائی ۔ اس وقت میں بہت چھوٹی تھی ۔ اپنا کیریئر بنانا چاہتی تھی اور سہیل اس وقت بہت طاقتور تھے ۔

دریں اثنا فلمساز ساجد خان پربھی جنسی استحصال کو لے کر ایک خاتون صحافی نے الزام لگائے ہیں ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم اسٹار اکشے کمار نے ہاؤس فل 4کی شوٹنگ کینسل کر دی ہے ۔ اس فلم کے ڈائریکٹر ساجد خان ہیں ۔وہیں اپنے اوپر لگے الزامات کے بعد اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے ساجد خان نے فلم کے ڈائریکشن سے اپنا نام ہٹا لیا ہے ۔انہوں نے ٹوئٹ کر کے اپنے دوستوں سے اپیل کی ہے کہ ؛سچ کے سامنے آنے تک وہ کسی فیصلے پر پہنچنےسے بچیں ۔

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)