خبریں

 اتر پردیش : بھیڑ نے دو لوگوں کی پیٹ-پیٹ‌کر جان لی

اتر پردیش کے امیٹھی کے سریا گاؤں کا معاملہ ہے۔ایک جوان پر مبینہ طور پر گولی چلانے کے بعد دونوں جوانوں کو گاؤں والوں نے بری طرح سے پیٹا تھا۔ دونوں طرف سے مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

Amethi-e1539591429894

نئی دہلی : اتر پردیش میں امیٹھی کے سریّا گاؤں میں ایک مندر میں مذہبی تقریب کے دوران 12 سال کے لڑکے پر مبینہ طور پر گولی چلانے والے دو لوگوں کی بھیڑ نے پیٹ-پیٹ‌کر جان لے لی۔ پولیس نے گزشتہ اتوار کو بتایا کہ ایک لڑکے کو گولی ماری گئی اور اس کا ایک مقامی اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔ زخمی کی پہچان سمت کمار کے طور پر ہوئی ہے۔ مسافر خانہ حلقے کے تھانہ انچارج وشوناتھ یادو نے بتایا کہ سنیچرکی رات کو نشے کی حالت میں  دلیپ یادو (28) اور راہل سنگھ (30) نے سمت کو گولی مار‌کر زخمی کر دیا۔

انہوں نے بتایا کہ مندر میں پوجا کے دوران یہ واردات ہوئی جس کے بعد بھیڑ نے یادو اور سنگھ کا پیٹ-پیٹ‌کا قتل کر دیا۔ پولیس نے بتایا کہ یادو اور سنگھ پڑوسی گاجن پور دواریا گاؤں کے رہنے والے تھے۔ ان کو مسافر خانہ کے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر میں لے جایا گیا لیکن علاج کے دوران ان کی موت ہو گئی۔ ایس ایچ او نے بتایا کہ مرنے والوں  میں سے ایک کے بھائی کی شکایت کی بنیاد پر تعزیرات ہند کی  دفعات کے تحت چار لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ دوسری طرف گاؤں والوں کی شکایت پر چھے لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ واردات کے بعد پولیس سپرنٹنڈنٹ انوراگ آریہ اور ایڈیشنل  ایس پی، بی سی دوبے سمیت اعلیٰ پولیس افسر جائے  واردات پر پہنچے۔ ایس پی نے بتایا کہ کسی بھی ناگوار واقعہ سے بچنے کے لئے گاؤں میں بڑی تعداد میں پولیس تعینات کردی گئی ہے۔ ہندوستان ٹائمس سے بات چیت میں امیٹھی کے ایس پی انوراگ آریہ نے بتایا کہ دونوں مرنے والوں  کے خلاف قتل کی کوشش کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔

 وہیں مرنے والوں  کی فیملی  کی شکایت کے بعد نامعلوم گاؤں والوں کے خلاف کراس ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ معاملے میں مشتبہ لوگوں کی پہچان ہونے کے بعد ان کو گرفتار کیا جائے‌گا۔ پولیس کے مطابق، مرنے والے راہل سنگھ کا پہلے سے ہی مجرمانہ پس منظر تھا۔ اس کے خلاف قتل کی کوشش اور آرمس ایکٹ کے تحت کئی مقدمے درج تھے۔ دلیپ یادو کے ساتھ وہ اپنے ایک دوست کے گھر گیا تھا جو کہ مسافر خانہ علاقے کے سریّا گاؤں تھا۔

پولیس کے مطابق، راہل اور دلیپ نے سنیچرکی رات تقریباً 8:30 بجے مبینہ طور پر فائرنگ شروع کر دی تھی۔ اس دوران گولی سمت کے پاؤں میں لگ گئی اور خون نکلنے لگا۔ ہندوستان ٹائمس کی رپورٹ کے مطابق، اس وقت گاؤں کے مندر میں بھاگوت پاٹھ ہو رہا تھا۔ وہاں درجنوں گاؤں والے موجود تھے۔ گاؤں والوں نے راہل اور دلیپ کو گھیر لیا اور لوہے کی راڈ اور بیت سے بری طرح پٹائی کی، جس سے دونوں شدیدطور پر زخمی ہو گئے اور علاج کے دوران ان کی موت ہو گئی۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کےساتھ)