خبریں

ایم جے اکبر نے مرکزی وزیر کے عہدے سے دیا استعفیٰ

سابق ایڈیٹر ایم جے اکبر پر تقریباً 16 خواتین جنسی استحصال کا الزام لگا چکی ہیں۔وہ اس معاملے میں عدالت میں ہتک عزت کا مقدمہ دائر کر چکے ہیں۔

ایم جے اکبر،فوٹو: پی آئی بی

ایم جے اکبر،فوٹو: پی آئی بی

نئی دہلی: کئی عورتوں کے جنسی استحصال کے الزامات جھیل رہے ایم جے اکبر نے بدھ کو وزارت سے  استعفیٰ دے دیا۔ ایم جے اکبر کی طرف سے جاری بیان میں انھوں نے کہا ،’ جیسا کہ میں نے عدالت کے ذریعے انصاف حاصل کرنے  کا فیصلہ کیا ہے۔ اس لیے اب میں نے اپنا عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اپنے خلاف لگے جھوٹے الزامات کو چیلنج کر سکوں ۔ میں نے اپنا استعفیٰ وزارت خارجہ کو بھیج دیا ہے۔

اکبر نے آگے کہا ہے،’ ملک کی خدمت کرنے کا موقع دینے کے لیے میں وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر خارجہ سشما سوراج کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔ واضح ہو کہ سابق صحافی ایم جے اکبر پر جنسی استحصال کا الزام سب سے پہلے سینئر صحافی پریہ رمانی نے لگایا تھا۔ اس کے بعد تقریباً 15 سے 16 عورتوں نے ایم جے اکبر کے خلاف جنسی استحصال کا الزام لگایا تھا۔

غور طلب ہے کہ ایم جے اکبر کے خلاف جنسی استحصال کا الزام لگانے والی صحافی پر یہ رمانی کی حمایت میں ایشین ایج میں کام کرچکیں 20خواتین صحافی سامنے آئیں ہیں ۔این ڈی ٹی وی کے مطابق ان خواتین صحافیوں نے ایک مشترکہ بیان جاری کر کے پریہ رمانی کی حمایت کی بات کہی ہے اور عدالت سے گزارش کی ہے کہ اکبر کے خلاف معاملے میں ان کو سناجائے۔

عورتوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ان میں سے کچھ کا اکبر نے جنسی استحصال کیا ہے اور کچھ اس کی گواہ ہیں ۔صحافیوں نے اپنے دستخط والے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ،رمانی اپنی لڑائی میں اکیلی نہیں ہے ۔ہم ہتک عزت کے معاملے میں شنوائی کر رہی عدالت سے درخواست کرتے ہیں کہ ہم میں سے کچھ کے جنسی استحصال اور دوسروں کی گواہی پر غور کیا جائے جو اس استحصال کی گواہ تھیں ۔

مینل بگھیل ،منیش پانڈے ،تشیتا پٹیل ،کنیکا گہلوت،سپرنا شرما ،رمولا تلواربادام،ہوئین ہوجیل،عائشہ خاتون ،کشل رانی گلاب،کنیزہ گجاری ،مالویکا بنرجی،اے ٹی جینتی،حامدہ پارکر،جونالی براگوہین ،میناکشی کمار،سجاتا دتا سچدیوا،رمیش چکرورتی ،کرن منرال اور سنجری چٹرجی نے بیان پر دستخط کیے ہیں ۔

ڈکن کرانیکل کی ایک صحافی کرسٹینا فرانسس نے بھی اس بیان پر دستخط کیا ہے ۔ اکبر نے اپنے اوپر لگے الزامات کو خارج کرتے ہوئے گزشتہ سوموار کو رمانی کے خلاف ہتک عزت کا معاملہ دائر کیا تھا۔اس سے پہلے پریہ رمانی نے سوموار کو کہا کہ وہ مرکزی وزیر ایم جے اکبر کے ذریعے ان کے خلاف عدالت میں دائر ہتک عزت کی شکایت کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں اور انہوں نے اکبر کے بیان پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اکبر ڈرا دھمکا کر متاثرین کو چپ کرانا چاہتے ہیں ۔