خبریں

سینئر لیڈر اور اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ این ڈی تیواری کا انتقال

سینئر لیڈر این ڈی تیواری اتر پردیش کے 3 بار اور اترکھنڈ کے ایک بار وزیر اعلیٰ رہ چکے تھے ۔ 18اکتوبر 1925کو ان کا جنم ہوا تھا اور آج 18اکتوبر کو ہی ان کا انتقال ہوا۔

این ڈی تیواری ،فوٹو: پی ٹی آئی

این ڈی تیواری ،فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی : اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ نارائن دت تیواری کا جمعرات کو نئی دہلی کے ایک نجی ہاسپٹل میں طویل علالت کے بعد انتقال ہوگیا ۔وہ  93 سال کے تھے ۔گزشتہ ایک سال سے ان کی صحت ٹھیک نہیں تھی ۔ڈاکٹروں نے بتایا کہ تیواری کو نئی دہلی کے میکس سوپر اسپیشلیٹی ہاسپٹل میں داخل کروایا گیا تھا ۔ دن میں 2 بجکر 50 منٹ پر ان کا انتقال ہوا۔

ان کو برین ہیمریج کے بعد ستمبر 2017میں ہاسپٹل میں داخل کروایا گیا تھا ۔ تیواری کو آئی سی یو میں بھرتی کروایا گیا تھا وہ بخار اور نمونیا سے متاثر تھے ۔ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے آئی سی یو میں 24گھنٹے ان کی حالت پر نظر رکھی ہوئی تھی ۔تیواری 3 بار اتر پردیش اور ایک بار اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ رہ چکے تھے ۔ اس کے علاوہ کانگریس کی کئی حکومتوں میں مرکزی وزیر اور آندھرا پردیش کے گورنر بھی تھے ۔

واضح ہو کہ این ڈی تیواری کا جنم 18اکتوبر 1925کو ہوا تھا اور ان کا انتقال بھی 18 اکتوبر کو ہی ہوا۔کانگریس صدر راہل گاندھی نے ان کو کانگریس پریوار کا اہم رکن قرار دیتے ہوئے اظہار تعزیت کیا ہے۔

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)