خبریں

کانگریس کا الزام ،میہل چوکسی نے ارون جیٹلی کے بیٹی داما د کی فرم کو کیا تھا ہائر،پیش کیے دستاویز

کانگریس لیڈر سچن پائلٹ نے الزام لگایا کہ میہل چوکسی کے بھاگنے کے بعد فرم نے پیسے لوٹائے۔ انہوں  نے کہا کہ ہم جاننا چاہتے ہیں کہ کس بنا پر وزیر خزانہ کی بیٹی اور داماد کے لاء فرم کو ہائر کیا گیا تھا۔

میہل چوکسی (فوٹو کریڈٹ: گیتانجلی جویلس)

میہل چوکسی (فوٹو کریڈٹ: گیتانجلی جویلس)

نئی دہلی :کانگریس کا الزام ہے کہ مودی حکومت کے 44مہینوں میں 23گھوٹالے بازوں نے ملک کو 53ہزار کروڑ کا چونا لگایا ہے ۔  کانگریس لیڈر سچن پائلٹ نے وزیر خزانہ ارون جیٹلی اور ان کے اہل خانہ پر میہل چوکسی کے ساتھ ملی بھگت کا الزام لگاتے ہوئےوزیر خزانہ سے استعفیٰ مانگا ہے اور اس معاملے میں  آزادانہ جانچ کی مانگ کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کا مکمل  ڈھانچہ اقتصادی دہشت گردوں کو حفاظت دینے کا کام کر رہا ہے۔

پائلٹ نے کہا کہ مہیل چوکسی کے گھوٹالے سے متعلق تمام کاغذات وزارت ،ایس ایف آئی او  اور سب کو 2015میں فارورڈ کر دیا گیا تھا ۔ انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ وزیر خزانہ ارون جیٹلی کی بیٹی سونالی جیٹلی اور ان کے داماد کو میہل چوکسی کی فرم نے ہائر کیا تھا ۔ بعد میں ان لوگوں نے یہ کہتے ہوئے پیسے لوٹا دیے کہ ہم نے ان کا کوئی کام نہیں کیا ہے۔ یہ رقم 24لاکھ روپے ہے جس کا ہمارے پاس بینک اسٹیٹ منٹ ہے ،اس میں یہ سب درج ہے کہ کس اکاؤنٹ سے پیسے واپس آئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سب کو پتہ تھا کہ میہل چوکسی بھاگنے والا ہے ۔

پائلٹ نے الزام لگایا کہ میہل چوکسی کے بھاگنے کے بعد فرم نے پیسے لوٹائے۔ سچن پائلٹ نے کہا کہ ہم جاننا چاہتے ہیں کہ کس بنا پر وزیر خزانہ کی بیٹی اور داماد کے لاء فرم کو ہائر کیا گیا تھا۔سچن پائلٹ نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ایک فراڈ کمپنی کا بچاؤ کرنے کے لیے کیوں وزیر خزانہ کی بیٹی کے فرم کو ہائر کیا ۔ یہ سب خود سے نہیں ہوا ، اس کے پیچھے سازش ہے ۔ شفافیت کی بات کرنے والے وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت بے نقاب ہوچکی ہے۔

انہوں نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ مودی حکومت اپنے مخالفوں کے خلاف ای ڈی اور سی بی آئی کا استعمال کر رہی ہےاور اپنوں پر کوئی کارروائی نہیں کر رہی ہے ۔ پائلٹ نے کہا کہ سی بی آئی کا اپنا دامن صاف نہیں ہے تو کس منھ سے حکومت اور سی بی آئی اب بدعنوانی کی جانچ کر سکتی ہے۔

 دریں اثنا کانگریسی لیڈر راجیو ساتو نے کہا ہے کہ پورے معاملے میں میہل چوکسی اور وزیر خزانہ کے بیٹی داماد کی ملی بھگت تھی ۔ 24 لاکھ اکاؤنٹ میں جمع کرنے کی جانکاری وزیر خزانہ کو تھی ؟ کس لیے یہ پیسہ دیا گیا ؟ کیا بھاگنے میں مدد کے لیے ؟ بعد میں یہ پیسہ حکومت کو واپس کیوں نہیں کیا گیا؟ کیوں میہل اور نیرو کو واپس کیا؟ پی ایم سے سوال ہے کہ کیوں نہیں وہ وزیر خزانہ سے استعفیٰ طلب کرتے ہیں ہیں ۔