خبریں

متھرا: کردار جانچنے کے لیے عورت کے ہاتھ پر رکھے انگارے، 6 لوگوں کے خلاف معاملہ درج

عورت کو اپنی ہتھیلی پر انگارے رکھنے پڑے، جس کی وجہ سے اس کی دونوں ہتھیلیاں بری طرح جل گئیں۔ اس معاملے میں شوہر سمیت 6 لوگوں کے خلاف رپورٹ درج کی گئی ہے۔

Mathura

نئی دہلی: اتر پردیش کے متھرا ضلع کے ایک گاؤں سے بے حد حیران کرنے والا معاملہ سامنے آیا ہے۔ دراصل ایک شخص  کو اپنی بیوی پر شک تھا۔ اس کی وجہ سے اس عورت کو اپنا کردار پاک صاف ثابت کرنے کے لیے بھری پنچایت میں ہتھیلیوں پر جلتے انگارے رکھ کر دکھانا پڑا۔بتایا جا رہا ہے کہ تنتر منتر کرنے والی ایک عورت کے کہنے پر ایسا کرنا پڑا۔ عورت نے کہا کہ شوہر اور بیوی دونوں کے ہاتھ پر انگارے رکھے جائیں، جس کے ہاتھ نہیں جلیں گے وہ بے قصور ہے۔

انگارے رکھنے کی وجہ سے عورت کی دونوں ہتھیلیاں سنگین  طور پر جل گئیں۔ اس معاملے میں شوہر سمیت 6 لوگوں کے خلاف نامزد رپورٹ درج کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق ؛ یہ معاملہ تھانہ مانٹ حلقے کے گاؤں جابرا کے مجرا بری کا ہے جہاں گزشتہ 18 اکتوبر کو شوانی نام کی ایک عورت کو اپنا کردار پاک صاف ثابت کرنے کے لیے بھری پنچایت میں ہتھیلیوں پر جلتے انگارے رکھ کر دکھانے پڑے۔

اڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ (گاؤں)آدتیہ کمار  شکلا نے بتایا کہ اس معاملے میں متاثرہ کے گھر والوں کی تحریر پر گزشتہ رات مقدمہ درج کر کےجانچ شروع کر دی گئی ہے۔ معاملے کے دوران موقع پر پنچوں کا رول ادا کرنے والوں اور مبینہ طور پر تانترک کے طور پر اس طرح کی اگنی پریکشا کرانے کی اہم ملزم عورت کی بھی تلاش کی جا رہی ہے۔ ہندوستان کی خبر کے مطابق؛ اگنی پریکشا معاملے میں ملزم  ابھی بھی پولیس کی پکڑ سے دور ہیں۔ پولیس نے گاؤں میں چھان بین کی لیکن کوئی ملزم ہاتھ نہیں آیا۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)