خبریں

سی بی آئی معاملے میں کانگریس کا ملک گیر احتجاج، دہلی میں راہل گاندھی عدالتی حراست میں

راہل گاندھی نے کہا کہ اس پروٹسٹ مارچ میں کانگریس کے ٹاپ لیڈران نے شرکت کی اور یہ مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعظم سی بی آئی معاملے میں ملک سے معافی مانگیں۔

لودھی کالونی پولیس اسٹیشن میں راہل گاندھی ،فوٹو: اے این آئی

لودھی کالونی پولیس اسٹیشن میں راہل گاندھی ،فوٹو: اے این آئی

نئی دہلی : سی بی آئی تنازعے کو رافیل گھوٹالے سے جوڑ کر کانگریس نے جمعہ کو ملک گیر مظاہرہ کیا ۔ دہلی میں سی بی آئی ہیڈ کوارٹر کے پاس مظاہرہ کر رہے کانگریس صدر راہل گاندھی سمیت دوسرے لیڈران نے اپنی گرفتاری دی ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ،گرفتاری کے بعد ان رہنماؤں کو لودھی روڈ پولیس اسٹیشن لے جایا گیاہے ۔کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے ٹوئٹ کر کے تصدیق کی ہے ،انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ راہل گاندھی اور دوسرے لیڈران کو پولیس نے گرفتار کیا ہے۔

غور طلب ہے کہ سی بی آئی چیف آلوک ورما کو چھٹی پر بھیجے جانے کے خلاف مظاہرے کی قیادت کرتے ہوئے راہل گاندھی نے مودی حکومت پر الزام لگایا کہ رافیل سودے کی جانچ سے بچنے کے لیے آلوک ورما کو معطل کیا گیا ہے۔راہل گاندھی نے کہا کہ کانگریس چوکیدار کو چوری نہیں کرنے دے گی۔کانگریس صدر نے کہا کہ ہندوستان کے ہر ادارے پر وزیراعظم نریندر مودی حملہ کر رہے ہیں ۔انڈین ایکسپریس کی ایک خبر کے مطابق؛ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے انل امبانی کی جیب میں30000کروڑ روپے ڈالا ہے ۔ انہوں نے سی بی آئی چیف کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کو اس مدعے پر معافی مانگنے کو کہا ۔

دہلی میں راہل گاندھی کی قیادت میں سی بی آئی ہیڈ کوارٹر پر مظاہرہ کے علاوہ اترپردیش ، مہاراشٹر، کرناٹک،ہریانہ سمیت مختلف ریاستوں میں سی بی آئی دفتر کے سامنے مظاہرے کیے گئے۔کانگریس کے اس مظاہرے کو اپوزیشن کی حمایت مل رہی ہے۔کانگریس کے علاوہ ٹی ایم سی اور سی پی آئی کے لیڈرا ن بھی مظاہرے میں شامل ہوئے۔

راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس نے دہلی کے دیال سنگھ کالج سے مارچ شروع کیا ۔اس دوران سی بی آئی کی طرف جانے والی شاہراہ کو پولیس نے بند کر دیا تھا۔

اس مارچ میں اشوک گہلوت، احمد پٹیل کے علاوہ  شرد یادو اور ڈ ی راجہ بھی شامل ہوئے۔اترپردیش میں کانگریس کے اس مارچ کی قیادت ریاستی صدر راج ببر نے کی ۔

دریں اثنا کانگریس کے اس احتجاج پر وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ کانگریس کے پاس عوامی مفاد کا کوئی مدعا نہیں بچا ہے اس لیے وہ ملک کو گمراہ کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا ہے ،اتھارٹی جانچ کر رہی ہے ، جانچ رپورٹ کا انتظار کر نا چاہیے۔واضح ہو کہ اس معاملے میں سپریم کورٹ نے سی وی سی کو دو ہفتے کے اندر جانچ مکمل کر نے کا حکم دیا۔