خبریں

صدر جمہوریہ کو ہاتھوں میں وید لے کر حلف لیتے دیکھنا چاہتاہوں: مرکزی وزیر ستیہ پال سنگھ

 مرکزی وزیر ستیہ پال سنگھ نے کہا کہ اگر دہشت گردی اور جرائم کو ختم کرنا ہے تو ملک کو ویدوں کی طرف لوٹنا ہوگا۔

فوٹو: فیس بک

فوٹو: فیس بک

نئی دہلی: فروغ انسانی وسائل کے مرکزی وزیر مملکت ستیہ پال سنگھ کا ماننا ہے کہ اگر دہشت گردی اور جرائم کو ختم کرنا ہے تو ملک کو ویدوں کی طرف لوٹنا پڑ ےگا۔ نئی دہلی میں آریہ سماج کی چار روزہ تقریب میں مرکزی وزیر نے کہا کہ جتنے بھی جرم ،دہشت گردی اور مسائل ہیں ، ان سب کا نپٹارہ کوئی کرسکتا ہے تو وہ ویدوں کے خیالات اور رشی گیان ہیں ۔جمعرات کو ہوئے انٹرنیشنل آچاریہ کانفرنس 2018کی تقریب میں بی جے پی لیڈر اور مرکزی وزیر ستیہ پال سنگھ نے کہا ؛ اگر اس ملک کی عظمت کو پھر سے پانا ہے تو ہمیں ویدوں کی طرف جانا پڑے گا۔

این ڈی ٹی وی کی ایک خبر کے مطابق ،ستیہ پال نے آگے کہا کہ ؛ امریکہ کے صدر جب حلف لیتے ہیں تو ان کے ایک ہاتھ میں بائبل ہوتا ہے اور وہ اسی کا حلف لیتے ہیں ۔ میں خواب دیکھتا ہوں جب اس ملک کے صدر جمہوریہ ،وزیر اعظم ،وزراءاپنے ہاتھوں میں وید لے کر حلف لیں گے۔اس تقریب میں ہماچل پردیش کے گورنر آچاریہ دیو ورت بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں گئو کلیان ، کسانوں کی خودکشی ، ماحولیاتی بحران اور صحت پر بات چیت ہوگی۔

تقریب میں موجود مرکزی وزیر ہرش وردھن نے یہ بھی کہا کہ وہ آر ایس ایس اور آریہ سماج سے بے حد قریب سے جڑے رہے ہیں اور ان کی تعلیمات نے ان کو ذات پات چھوڑنے کے لیے ذہنی طو رپر آمادہ کیا ۔واضح ہوکہ یہ کوئی پہلی دفعہ نہیں ہے جب ستیہ پال سنگھ نے اس طرح کا کوئی متنازعہ بیان دیا ہو۔ اس سے پہلے گزشتہ سال اترپردیش کے باغپت سے ایم پی اور مرکزی وزیر ڈاکٹر ستیہ پال سنگھ نے چھتیس گڑھ نے ایک تقریب کے دوران کہا تھا کہ صرف سینٹرل یونیورسٹیوں کا ہی نہیں بلکہ پورے ملک کا بھگوا کرن ہونا چاہیے۔

اس کے علاوہ ستیہ پال سنگھ نے چارلس ڈارون کے اس نظریے کو بھی جھٹلا یا تھا جس میں انسان کے اجداد کو بندر کہا گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ڈارو ن کا یہ نظریہ سائنس کی رو سے غلط ہے اور ان کے اجداد بندر نہیں تھے ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ملک کے اسکول اور کالجوں کے نصابوں سے نظریات کو ہٹانے کی بات کہی تھی۔