خبریں

صحافیوں کے قاتلوں کو سزا دلانے میں 14 ویں نمبر پر ہندوستان

رپورٹ کے مطابق پہلے نمبر پر موجود صومالیہ میں حالات میں سدھار کا دعویٰ کیا گیا ہے جبکہ 14 ویں نمبر پر موجود ہندوستان کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہاں حالات خراب ہوئے ہیں اور کل 18 معاملوں کو اب تک حل نہیں کیا گیا ہے۔

فوٹو: رائٹرس

فوٹو: رائٹرس

نئی دہلی: صحافیوں کے قاتلوں کو سزا دلانے کے معاملے میں ہندوستان کافی پیچھے ہے۔ امریکہ کی ایک نان پروفٹ تنظیم ‘کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹ'(سی پی جے)کی Global Impunity Index میں یہ جانکاری سامنے آئی ہے۔ اس لسٹ میں ان ممالک کو شامل کیا گیا ہے جہاں صحافیوں کا قتل کیا گیا اور معاملوں کی جانچ اب بھی لٹکی ہوئی ہے۔ ہندوستان کو اس فہرست میں 14 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔ غور طلب ہے کہ یہ لگاتار 11 واں سال ہے جب ہندوستان کو اس فہرست میں رکھا گیا ہے۔

سال 2018 کے انڈیکس میں ہندوستان سمیت 14 ممالک کو شامل کیا گیا ہے۔ ان میں صومالیہ، سیریا، عراق، ساؤتھ سوڈان ، فلپائن، افغانستان، میکسیکو، کولمبیا، پاکستان ، برازیل، روس، بنگلہ دیش اور نائجیریا بھی شامل ہے۔ رپورٹ کے مطابق؛پہلے نمبر پر موجود صومالیہ میں حالات میں سدھار کا دعویٰ کیا گیا ہے جبکہ 14 ویں نمبر پر موجود ہندوستان کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہاں حالات خراب ہوئے ہیں اور کل 18 معاملوں کو اب تک حل نہیں کیا گیا ہے۔

وہیں ہندوستان کے پڑوسی ملک پاکستان میں اصلاح  کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ تازہ رپورٹ 1 ستمبر 2008 سے 31 اگست 2018 کے بیچ صحافیوں کے قتل کے اعدادو شمار کا تجزیہ کر کے تیار کی گئی ہے۔ اس انڈیکس میں صومالیہ پہلے نمبر پر ہے جبکہ دو ملک افغانستان اور کولمبیا پھر سے شامل کیے گئے ہیں۔ افغانستان کے کابل میں صحافیوں کے گروپ کو نشانہ بناتے ہوئے خودکش حملہ کیا گیا تھا جبکہ کولمبیا میں نشیلی چیزوں کے تسکروں نے اکواڈور کے جرنلسٹ کا اغوا کر کے قتل کر دیا تھا۔