خبریں

مہاراشٹر: کنوئیں کی صفائی کے دوران 2 فائر بریگیڈ ملازموں سمیت 5 لوگوں کی موت

پولیس افسر نے بتایا کہ کنوئیں میں کیمیکل ویسٹ جمع ہو رہا تھا، جس کو صاف کرنے کے لیے 3 صفائی ملازم اترے تھے۔ ان کے واپس نہ لوٹنے پر دو فائر بریگیڈ ملازم بھی کنوئیں میں اترے لیکن کوئی واپس نہیں لوٹا۔

فوٹو: اے این آئی

فوٹو: اے این آئی

ممبئی: مہاراشٹر میں ٹھانے ضلع کے کلیان میں گزشتہ جمعرات کو کنوئیں کی صفائی کے دوران دو فائر بریگیڈ ملازمین سمیت 5 لوگوں کی موت ہو گئی۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ یہ دو فائر بریگیڈ ملازم دوپہر میں کنوئیں میں اترے تھے ، ان کو اطلاع ملی تھی کہ 3 مزدور اندر پھنسے ہوئے ہیں۔ افسر کے مطابق؛ کلیان (مشرق)کے نیتی والی لوک گرام علاقہ میں یہ کنواں ایک نالے کے قریب ہےجس میں انڈسٹریل کچرا جاتا ہے۔

 پہلی اطلاع کے مطابق کنواں کچھ کیمیکل سے بھر گیا تھا جو نالے سے بہہ کر آیا تھا۔افسر کے مطابق مزدور اس کچرے کو ہٹانے کنوئیں میں اترے تھے جو کیمیکل جمع ہونے کی وجہ سے پیدا ہوا تھا۔ انھوں نے کہا ،’ لیکن جب مزدور کنویں سے باہر نہیں آئے تو مقامی لوگوں نے فائر بریگیڈ محکمہ کو خبر دی۔ دو فائر بریگیڈ کے ملازم مزدوروں کا پتا لگانے کنوئیں میں اترے لیکن وہ بھی پھنس گئے۔’

یہ خبر ملنے پر فائر بریگیڈ کی ایک ٹیم موقعہ پر پہنچی  اور اس نے راحت کام شروع کیا جس کے بعد ان کو 5 لوگوں کی لاش ملی۔ افسروں کے مطابق، کنوئیں میں زہریلی گیس بھری ہوئی ہے۔ سبھی 5 لاشوں کو  کنویں سے نکالنے کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے لے جایا گیا ہے۔ان کی موت کی اصل وجہ کیا تھی ،اس کی جانچ چل رہی ہے۔