خبریں

دنیا کو اسپائڈر مین اور آئرن مین دینے والے آرٹسٹ اسٹین لی کا انتقال

اسٹین لی نے جہاں کئی یاد گار کامکس لکھے وہیں کئی ٹی وی شوز کی میزبانی بھی کی اورخود سپر ہیروز کی کئی سیریز میں شاندار اداکاری بھی کی۔

اسٹین لی

اسٹین لی

نئی دہلی : لیجنڈری کامکس رائٹر ، اداکاراورمارول کامکس کے پبلشر اسٹین لی کا سوموارکوانتقال ہوگیا۔وہ 95سال کے تھے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق،بلیک پینتھر ، اسپائڈر میں، دی ایکس مین ، دی مائٹی تھار، آئرن مین جیسے کرداروں کو تخلیق کرنے والے لیجنڈری کامک رائٹر اسٹین لی نے لاس اینجلس کے ایک میڈیکل سینٹر میں آخری سانسیں لی۔

خبررساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق ؛ وہ پچھلے ایک سال سے شدید بیمار تھے ۔ پسماندگان میں ان کی ایک بیٹی ہے ۔ ان کی اہلیہ کا انتقال گزشتہ سال ہوا تھا۔ان کے انتقال پر والٹ ڈزنی کمپنی کے چیئر مین سی ای او باب آئیگر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسٹین لی اپنے تخلیق کیے گئے کرداروں کی طرح ہی غیر معمولی تھے۔

نیو یارک میں 28دسمبر 1922 کو پیدا ہوئےاسٹین لی نے ٹائملی کامکس کے ساتھ اپنے کیریئرکی شروعات 1939میں کی اور کئی یادگار کرداروں کی تخلیق کی۔ اپنے ابتدائی دنوں میں وہ یہاں پروف ریڈنگ کے علاوہ دوسرے فن کاروں کی تصویروں سے پنسل کے اضافی دھبے صاف کیا کرتے تھے ۔ بعد میں ٹائملی کامکس میں ہی ان کو ٹیکسٹ فلر بنا یا گیا۔

ان کوشروعات سے ہی کامکس کا کیریئر کافی پسند تھا ،لیکن 1942میں فوج میں ملازمت شروع کرنی پڑی، اس کے باوجود فوج کی ملازمت کے دوران بھی انہوں نے اپنی تخلیقی خواہش کو زندہ رکھا۔وہ فوج میں مینؤلس اور ٹریننگ فلموں کے اسکرپٹ لکھتے تھے ۔انہوں نے جنگ کے دوران فوج کا حوصلہ بڑھانے کے لیے نعرے بھی لکھے۔

اسٹین لی، فوٹو: ٖفوٹو فیسٹ

اسٹین لی، فوٹو: ٖفوٹو فیسٹ

اسٹین لی نے جہاں کئی یاد گار کامکس لکھے وہیں کئی ٹی وی شوز کی میزبانی بھی کی اورخود سپر ہیروز کی کئی سیریز میں شاندار اداکاری بھی کی۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ ان کا بچپن بہت غریبی میں گزرا۔وہ اپنے والدین کے ساتھ ایک کمرے کے اپارٹمنٹ میں رہتے تھے ۔ان حالات میں بھی اسٹین لی کو پڑھنا اچھا لگتا تھا اور فلم بینی کابھی شوق تھا۔

دنیا بھر میں اسٹین لی کو ایک بہترین اداکار کے ساتھ ایک حیرت انگیز قلمکار، پروڈیوسر،پبلشر اور ایڈیٹر کے طور پر جانا گیا۔ حالاں کہ ان کو دنیا بھر میں ان کے سپر ہیروز کے لیے زیادہ جانا گیا،لیکن انہوں نے کئی یادگار ناول بھی لکھے۔ان کی فلموں کی نے باکس آفس پر کئی ریکارڈ قائم کیے ۔1961میں انہوں نےthe fantastic four کے ساتھ مشہور مارول کامکس کی شروعات کی ۔ یہیں سے اسپائڈر مین ،ایکس مین ،آئرن مین ،بلیک پینتھر اور کیپٹن امریکہ جیسے سپر ہیروز  کی تخلیق ممکن ہوئی۔دراصل اسٹین نے جیکب کیربے اور اسٹیو ڈیٹکو کے ساتھ مل کر کامک کی دنیا کو کئی سپر ہیرو دیے۔

غور طلب ہے کہ اسٹین لی نے صرف 17سال کی عمر میں سپر ہیرو اور مسٹری کامکس کے لیے اسکرپٹ لکھنا شروع کر دیا تھا اور19سال کی عمر میں ہی ایڈیٹر ان چیف بن گئے تھے۔تین دہائیوں سے زیادہ عرصےتک اسکرپٹ رائٹنگ کرنے کے بعدانہوں نے کتابوں کی سیریز بھی نکالی اور کیربے کے ساتھ مل کر 1978میں گرافک ناول بھی نکالے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اسٹین لی نے 2013میں پہلی ہندوستانی سپر ہیرو فلم چکر بنائی تھی ۔کارٹون نیٹ ورکس ، گرافکس انڈیا اور پاؤ انٹرنیشنل کے اشتراک سے بنی فلم چکر کو کارٹون نیٹ ورک پر ریلیز کیا گیا تھا۔اسٹین لی کا ایک بڑا کا رنامہ یہ بھی ہے کہ انہوں نے فکشن کی دنیا سے الگ ہسٹری چینل پر نشر ہونے والے اپنے شو اسٹین لی کے سپر ہیومنس  میں اصل دنیا کے ہیروز کا تعارف کروایا ۔

(خبررساں ایجنسی رائٹر س کے ان پٹ کے ساتھ)