خبریں

ہاشم پورہ قتل عام: ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف ہندو مہاسبھا نے یوگی آدتیہ ناتھ سے سپریم کورٹ جانے کی اپیل کی

میمورنڈم میں الزام لگایا گیا ہے کہ ہاشم پورہ معاملے میں دہشت گردوں کی مدد سے غیر ہندوؤں نے سازش رچی تھی اور میرٹھ میں ہاشم پورہ سے قبل کسی  بھی فرقہ وارانہ فساد کے مقابلے اس میں 172 ہندوؤں کا قتل کیا گیا تھا۔

Hashimpura_PraveenJain_Express

نئی دہلی : اکھل بھارتیہ ہندو مہا سبھا(اے بی ایچ ایم)نے اتر پردیش کی یوگی حکومت سے گزارش کی ہے کہ ہاشم پورہ قتل عام معاملے میں دہلی ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں۔واضح ہو کہ گزشتہ 31اکتوبرکو دہلی ہائی کورٹ نے 1987 میں اتر پردیش کے ہاشم پورہ قتل عام معاملے میں  42 مسلم نوجوانوں کے قتل کے جرم میں 16 پی اے سی اہلکار(سابق پولیس والوں) کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

ہائی کورٹ  نے اپنے فیصلے میں نچلی عدالت کے اس حکم کو پلٹ دیا جس میں ملزموں کو بری کر دیا گیاتھا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ثبوتوں کی کمی میں نچلی عدالت نے ملزمین  کو بری کیا تھا ،لیکن اب عدالت کے سامنے کافی ثبوت پیش کیے گئے ہیں۔انڈین ایکسپریس کی ایک خبر کے مطابق ،اس فیصلے کو لے کر اے بی ایچ ایم کے قومی نائب صدر اشوک شرما اور دوسرے رہنماؤں نے میرٹھ ضلع مجسٹریٹ انل ڈھینگرا کو میمورنڈم سونپا اور الزام لگایاکہ اس معاملے میں پی اے سی کو قربانی کا بکرا بنا یا گیا ہے۔

میمورنڈم میں الزام لگایا گیا ہے کہ ہاشم پورہ معاملے میں دہشت گردوں کی مدد سے غیر ہندوؤں نے سازش رچی تھی اور میرٹھ میں ہاشم پورہ سے قبل کسی  بھی فرقہ وارانہ فساد کے مقابلے اس میں 172 ہندوؤں کا قتل کیا گیا تھا۔انہوں نے الزام لگایا کہ اس معاملے میں اب تک کسی طرح کی جانچ کے بھی حکم نہیں دیے گئے اور پی اے سی اہلکار کو بلی  کا بکرا بنادیا گیا۔

اشوک شرما نے انڈین ایکسپریس کو بتا یا کہ ؛ہم نے اس معاملے کو لے کر گورکھ ناتھ پیٹھ کے موجودہ وارث اور یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدیتہ ناتھ سے گزارش کی ہے کہ سپریم کورٹ کے ذریعے مناسب قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے اور حکومت کی مشنریوں کا استعمال کرکے معصوم پی اے سی کے لوگوں کے ساتھ انصاف کیا جائے ۔انہوں  نے مزید کہا کہ گورکھ ناتھ پیٹھ کو اس مقصد کے تحت ہی بنایا گیا تھا کہ وہ ہندو مفاد کی حفاظت کرےگا اور اس کی نمائندگی یوگی آدتیہ ناتھ کر رہے ہیں ۔

اس لیے یہ ان کا بنیادی فریضہ ہے کہ وہ پی اے سی اہلکاروں کی حفاظت کریں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پی اے سی وہ ایماندار لوگ ہیں جن پر فساد کے دوران بم پھینکے جارہے تھے لیکن وہ اپنی جان کی پراہ کیے بغیر میرٹھ میں لوگوں کی جان بچا رہے تھے۔شرما نے دعویٰ کیا کہ  ڈیم ایم نے ہمیں یقین دلا یا ہے کہ وہ ہمارا میمورنڈم وزیر اعلیٰ کو سونپیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ ہمیشہ ہندوؤں کے حق میں آواز بلند کرتے رہے ہیں ۔