خبریں

آندھر پردیش: حکومت کی منظوری کے بغیر ریاست میں داخل نہیں ہو پائے گی سی بی آئی

ذرائع کے مطابق، سی بی آئی کے اندر چل رہے تنازعہ اور سپریم کورٹ میں زیر سماعت معاملے  کی وجہ سے ریاستی حکومت  کا اعتماد سی بی آئی پر سے ختم ہو گیا ہے۔

سی نائیڈو/ فوٹو: پی ٹی آئی

سی نائیڈو/ فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: آندھر پردیش میں اب سی بی آئی حکومت کی منظوری کے بغیر ریاست میں داخل نہیں ہو پائے گی۔غور طلب ہے کہ آندھر پردیش حکومت نےاپنے اس قرار نامے کو واپس لے لیا ہے جس کے  تحت سی بی آئی ریاست میں کسی بھی مقدمے کی جانچ کر سکتی تھی۔اب سی بی آئی کو ریاست میں داخل ہونے سے پہلے آندھر پردیش حکومت سےاجازت لینی ہوگی۔ قابل ذکر ہے کہ ریاست کی پرنسپل سکریٹری (ہوم )اے آر انو رادھا کے ذریعے 8 نومبر کو اس بارے میں جاری ایک ‘خفیہ’ سرکاری حکم(گورنمنٹ آرڈر نمبر 176) جمعرات کی رات لیک ہو گیا ۔

حکومت کے ذرائع کے مطابق، سی بی آئی کے اندر چل رہے تنازعہ اور سپریم کورٹ میں چل رہے کیس کی وجہ سے ریاستی حکومت  کا اعتماد سی بی آئی پر سے ختم ہو گیا ہے۔اس کے علاوہ ریاستی حکومت کے اس قدم کو ریاست کے وزیر اعلیٰ چندر بابو نائیڈو اور بی جے پی مخالف پارٹیوں کے اتحاد کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔

فیصلے  میں کہا گیا ہے کہ’ Delhi Special Police Establishment (ڈی ایس پی ای)ایکٹ 1946 کی دفعہ 6 کے تحت دیے گئے پاور کاا ستعمال کرتے ہوئے حکومت ڈی ایس پی ای کے سبھی ممبروں کو آندھر پردیش ریاست میں اس قانون کے تحت پاور اور اختیارات کے استعمال کے لیے دی گئی نارمل رضامندی واپس لیتی ہے۔’

واضح ہو کہ اس سال 3 اگست کو آندھر حکومت نے کرپشن کی روک تھام قانون سمیت مختلف قوانین کے تحت جرائم کی جانچ کے لیے مرکزی حکومت، مرکزی حکومت کے انٹر پرائز کے افسروں اور دوسرے آدمیوں کے خلاف جانچ کے لیے آندھر پردیش میں طاقت اور اختیارات کے استعمال کے لیے ڈی ایس پی ای کے سبھی ممبروں کو رضامندی دینے والا سرکاری آرڈر جاری کیا تھا۔

سی بی آئی ڈی ایس پی ای قانون کے تحت کام کرتی ہے۔ اس سال مارچ میں نریندر مودی کی حکومت سے تعلقات توڑنے کے بعد سے نائیڈو الزام لگاتے رہے ہیں کہ مرکز سی بی آئی جیسی ایجنسیوں کا استعمال کرکے سیاسی مخالفوں کو نشانہ بنانے میں کر رہا ہے۔ کچھ کاروباری ادارے پر انکم ٹیکس افسروں کے حالیہ چھاپوں سے نائیڈو بہت ناراض ہیں کیوں کہ ان میں سے کچھ ادارے ریاستی حکومت کے ٹی ڈی پی کے کاروباریوں کے ہیں۔ بعد میں انھوں نے کہا تھا کہ ان کی حکومت چھاپہ مارنے والے انکم ٹیکس افسروں کو پولیس سکیورٹی مہیا نہیں کرائے گی۔

دریں اثنا آندھر پردیش حکومت کے اس فیصلے کا استقبال کرتے ہوئے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ چندر بابو نائیڈو نے ریاست میں سی بی آئی کے داخلے پر پابندی لگا کر اچھا کام کیا ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)