خبریں

کھیل کی دنیا: بجرنگ پنیا بنے دنیا کے نمبر ون پہلوان اور دہلی میں خواتین عالمی باکسنگ چمپئن شپ

رواں سیزن میں پانچ تمغہ جیتنے والے ہندوستانی پہلوان بجرنگ پنیا دنیا کے پہلے پہلوان بن گئے ہیں۔دہلی میں دسویں خواتین عالمی باکسنگ چمپئن شپ جاری ہے۔ہندوستانی مکے باز کو میری کام کی قیادت میں خود اپنے ملک میں بہتر کارکردگی کی امید ہے۔

بجرنگ پنیا،فوٹو: پی ٹی آئی

بجرنگ پنیا،فوٹو: پی ٹی آئی

یہ ہندوستانی پہلوانوں کے لئے ایک بڑی خبر ہےکہ رواں سیزن میں پانچ تمغہ جیتنے والے ہندوستانی پہلوان بجرنگ پنیا دنیا کے پہلے پہلوان بن گئے ہیں۔انہوں نے65کلو گرام کے زمرے میں یہ کامیابی حاصل کی۔26فروری1994کو ہریانہ میں پیدا ہونے والے بجرنگ96پوائنٹ کے ساتھ درجہ بندی میں ٹاپ پر چل رہے ہیں۔ ان کے اور دوسرے نمبر پر رہنے والے کیوبا کے پہلوان کے درمیان اچھے خاصے پوائنٹ کافرق ہے۔

گزشتہ کچھ دنوں سے بجرنگ شاندار فارم میں چل رہے ہیں۔اسی سال انہوں نے دولت مشترکہ کھیل اور ایشین گیمز میں گولڈ جیتا ۔اس کے علاوہ عالمی چمپئن شپ میں انہیں سلور میڈل ملا۔ان کی تمنا ہے کہ انہیں اولمپک میں گولڈ میڈل ملے ان کی یہ تمنا پوری ہوتی ہے یا نہیں یہ وقت بتائے گا۔

 دہلی میں دسویں خواتین عالمی باکسنگ چمپئن شپ جاری ہے۔ ہندوستانی مکے باز کو میری کام کی قیادت میں خود اپنے ملک میں بہتر کارکردگی کی امید ہے۔خود میری کام کا ریکارڈ اس چمپئن شپ میں بہتر ہے۔انہوں نے پانچ گولڈ میڈل اور ایک سلور میڈل یہاں جیت رکھا ہے۔میری کام کے علاوہ اس چمپئن شپ میں ہندوستان کی جو مکے باز شریک ہو رہی ہیں ان میں پنکی جانگڑا،منیشا مون،سونیا،سریتا دیوی،سمرنجیت کور،لولینا بورگوہین،سوئیٹی بورا،بھاگیہ وتی کاچری اور سیما پونیا کے نام شامل ہیں۔

میری کام ،فوٹو: پی ٹی آئی

میری کام ،فوٹو: پی ٹی آئی

اس چمپئن شپ میں 70ممالک کی 300 سے زائد خواتین مکے باز شامل ہو رہی ہیں۔ہندوستان کے لئے اس چمپئن شپ کا کامیاب انعقاد ایک چیلنج ہے جسے ہندوستان نے بحسن وخوبی انجام تک پہچانے کے لئے قبول کیا ہے۔

 ویسٹ انڈیز میں خواتین عالمی ٹی20جاری ہے۔25نومبر کو اس کا فائنل کھیلا جانا ہے۔ابھی ہندوستانی خواتین کو آسٹریلیا کے خلاف ایک میچ کھیلنا باقی ہے مگر ہندوستان نے آئر لینڈ کے خلاف جیت کے ساتھ ہی سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔آسٹریلیا کی ٹیم بھی سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہے۔آئیر لینڈ کے خلاف میچ میں ہندوستان کو 52رنوں سے جیت ملی۔

ہندوستانی خواتین نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے145رن بنائے جواب میں آئرلینڈ کی ٹیم پورے اوور کھیل کر صرف93رن ہی بنا سکی۔اس ٹورنامنٹ میں ہندوستان کی کپتان ہرمن پریت کور ہیں جنہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے دوران 103رن بنائے اور ٹی20کرکٹ میں سنچری بنانے والی پہلی ہندوستانی خاتون کھلاڑی بنی۔خواتین ٹی 20میں سب سے پہلی سنچری ویسٹ انڈیز کی ڈینڈرا ڈوٹن نے بنائی جنہوں نے مئی2010میں جنوبی افریقہ کے خلاف 112رن بنائے۔

ہرمن پریت کور،فوٹو فیس بک

ہرمن پریت کور،فوٹو فیس بک

اکتوبر2017میں انہوں نے ایک بار پھر سری لنکا کے خلاف112رنوں کی انگ کھیلی۔اس طرح وہ دنیا کی پہلی ایسی خاتون کھلاڑی بنیں جنہوں نے ٹی20میں دو سنچریاں بنائیں۔خواتین ٹی20میں اب تک دس سنچریاں اسکور کی جا سکی ہیں۔ڈینڈرا کے علاوہ انگلینڈ کی ڈینیئل ویٹ بھی ایسی بلے باز ہیں جنہیں دو سنچریاں اسکور کرنے کا شرف حاصل ہے۔خواتین عالمی ٹی20کا آغاز 2009میں ہوا۔اس کے بعد سے اس کا انعقاد ہر دو سال بعد ہوتا ہے۔

پہلے تین ٹورنامنٹ میں آٹھ ٹیمیں شریک ہوئیں اس کے بعد اب ٹیموں کی تعداد دس ہوتی ہے۔اب تک پانچ مرتبہ خواتین عالمی ٹی20 کا انعقاد ہو چکا ہے۔تین بار اس ٹورنامنٹ کو آسٹریلیا کی خاتون نے جیتا ہے جبکہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں ایک ایک بار خطاب جیتنے میں کامیاب رہیں ہیں۔پہلا خطاب انگلینڈ نے ہی جیتا تھا۔

ہندوستان کی ٹیم 2009اور2010میں بھی سیمی فائنل میں پہنچی تھی ۔ابھی ہندوستان کو پہلے خطاب کا انتظار ہے۔ہندوستان کا یہ انتظار اس بار بھی ختم ہوتا ہے یا نہیں اسے دیکھنا دلچسپ رہے گا۔ہندوستانی کرکٹ ٹیم اب آسٹریلیا کے دورہ پر ہے جہاں اسے چار ٹسٹ میچوں کے علاوہ تین ٹی20اور تین ون ڈے میچ کھیلنے ہیں۔پہلے ٹی20میچ ہوں گے اس کے بعد ٹسٹ میچ کھیلے جائیں گے پھر ون ڈے مقابلے ہوں گے۔

ہندوستان کھلاڑیوں کو ویسے تو امید ہے کہ ہندوستان آسٹریلیا میں بہتر کھیل پیش کرے گا مگر جہاں تک اب تک ہوئے مقابلوں کا سوال ہے تو ہندوستانی ٹیم اب تک آسٹریلیا میں ایک بار بھی ٹسٹ سیریز نہیں جیت سکی ہے۔ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان1947-48میں ٹسٹ کا سلسلہ شروع ہوا تھا اس کے بعد سے اب تک ان دونوں ممالک کے درمیان 94ٹسٹ مقابلے ہوئے ہیں جن میں سے آسٹریلیا نے 41میں جیت حاصل کی ہے جبکہ ہندوستان نے26ٹسٹ میچ جیتے ہیں۔

26ٹسٹ ڈرا رہے جبکہ ان دونوں ممالک کے درمیان ایک ٹسٹ ٹائی بھی رہا۔ون ڈے میں بھی آسٹریلیا کا ریکارڈ ہندوستان کے خلاف بہتر ہے۔ان دونوں ممالک کے درمیان ہوئے128میچوں میں سے آسٹریلیا نے73 میچوں میں جیت حاصل کی ہے جبکہ ہندوستان کو 45میچوں میں جیت ملی ہے۔دس میچوں کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔ٹی20میں ہندوستان کا ریکارڈ آسٹریلیا کے خلاف بہتر ہے۔ان دونوں ممالک کے درمیان اب تک جو15ٹی20مقابلے ہوئے ہیں ان میں سے ہندوستان کو دس میں جیت ملی ہے جبکہ آسٹریلیا نے پانچ میچ جیتے ہیں۔