خبریں

مظفر پور شیلٹر ہوم معاملہ: سابق وزیر منجو ورما نے کیا سرینڈر

غور طلب ہے کہ اس سے پہلے مظفرپور شیلٹر ہو م معاملے میں ریاست کی سابق وزیر منجو ورما کی گرفتاری نہ ہونے سے ناراض سپریم کورٹ نے بہار کے ڈی جی پی کو طلب کیا تھا۔

فوٹو : پی ٹی آئی

فوٹو : پی ٹی آئی

نئی دہلی: مظفر پور شیلٹر ہوم ریپ معاملے میں فرار چل رہی بہار حکومت کی سابق وزیر منجو ورما نے منگل کو بیگو سرائے کورٹ میں سرینڈر کر دیا ہے۔ 3 دن پہلے ہی بہار پولیس نے منجو ورما کی جائیداد ضبط کرنے کی کارروائی شروع کی تھی۔ بہار پولیس نے پہلے ان کے بیگو سرائے واقع گھر کو ضبط کیا ۔قابل ذکر ہے کہ منجو ورما کے خلاف منجھول کورٹ نے اہم فیصلہ دیتے ہوئے دفعہ 82 اور دفعہ 83 کے تحت  بہار پولیس کو کارروائی کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق،منجو ورما آٹو رکشا میں کورٹ میں اڈیشنل چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ پربھات ترویدی کے پاس پہنچی۔  کورٹ میں کچھ ڈرامائی مناظر بھی دیکھنے کو ملے ۔ منجو ورما کورٹ میں داخل ہوتے ہی بیہوش ہو گئی اور ان کو پانی کے چھینٹے مار کر ہوش میں لانا پڑا۔میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ منجو ورما برقعہ پہن کر کورٹ پہنچی تھی۔

پولیس نے کچھ دن پہلے کورٹ سے منجو ورما کے خلاف اشتہار اور قرقی کا حکم مانگا تھا۔ اس بارے میں منجو ورما کے وکیل نے کورٹ کو ایک تحریری درخواست دے کر منجو ورما کو فرار نہ مانتے ہوئے ان کے خلاف اشتہار اور قرقی کے حکم پر روک لگانے کی اپیل کی تھی۔ اس معاملے میں کورٹ نے منجو ورما کے وکیل کی دلیل کو خارج کرتے ہوئے اشتہار اور قرقی کا حکم جاری  کر دیا تھا۔

 غور طلب ہے کہ اس سے پہلے مظفرپور شیلٹر ہو م معاملے میں ریاست کی سابق وزیر منجو ورما کی گرفتاری نہ ہونے سے ناراض سپریم کورٹ نے بہار کے ڈی جی پی کو طلب کیا تھا۔وہیں دوسری طرف کورٹ نے بہار کے دوسرے شیلٹر ہوم کے خلاف کارروائی نہ کرنے کو لے کر ریاست کے چیف سکریٹری کو بھی طلب کیا تھا۔

 سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ یہ چونکانے والی بات ہے کہ منجو ورما کو تلاش نہیں کیا جا سکا۔ کورٹ نے کہا تھا  کہ کمال ہے ، کسی کو یہ نہیں معلوم کہ سابق وزیر کہاں ہیں۔ بہار حکومت کو اس معاملے میں جواب دینا ہوگا۔جسٹس مدن بی لوکر نے  کہا تھا کہ ،’ بہت اچھا، کابینہ وزیر فرار ہیں۔ بہت اچھا۔ یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ کابینہ وزیر فرار ہو اور کسی کو معلوم ہی نہ ہو کہ وہ کہاں ہیں۔ آپ کو اس مدعے کی سنجیدگی پتہ ہے کہ کابینہ وزیر فرار ہیں۔اٹس ٹو مچ۔’

پچھلی شنوائی میں بھی سپریم کورٹ نے بہار پولیس سے پوچھا  تھا کہ مظفر پورشیلٹر ہوم  ریپ اور جنسی استحصال معاملے کے مدنظر استعفیٰ دینے والی بہار کی سابق وزیر منجو ورما کے گھر سے ہتھیار برآمد گی کے بعد بھی  ان کو گرفتار کیوں نہیں کیا گیاہے۔حالانکہ ان کے شوہر نے 29 اکتوبر کو بیگو سرائے کے منجھول  ڈسٹرک کورٹ  میں سرینڈر کر دیا تھا۔

واضح ہو کہ منجو ورما کو مظفر پور شیلٹر ہوم ریپ کیس معاملے میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑا تھا۔اس معاملے کی جانچ سی بی آئی کر رہی ہے۔ اسی جانچ کے سلسلے میں جب منجو ورما کے ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کی تو ان کے بیگوسرائے کے چیریا بریار پور گھر سےغیر قانونی ہتھیار اور تقریباً 50 کارتوس برآمد ہوئے تھے۔

واضح ہو کہ دی وائر نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ بہار کے سوشل ویل فیئر ڈپارٹمنٹ کے فنڈ سے چل رہے مظفر پوربالیکا گریہہ میں 30 سے زیادہ بچیوں سے ریپ  کے معاملے میں گرفتار اہم ملزم برجیش ٹھاکر سیاسی اثر و رسوخ والا شخص ہے اور مبینہ طورپر نوکرشاہوں سے اچھے تعلقات کی بدولت کچھ بھی کرا لینے کی باتیں کی جاتی رہی ہیں۔گزشتہ دنوں یہ خبر بھی آئی تھی کہ بلیک لسٹ کیے جانے کے باوجود برجیش ٹھاکر کے این جی او کو سرکاری پروجیکٹ دئے گئے تھے۔

اسی طرح یہ انکشاف بھی کیا گیا تھا کہ 31 مئی کو برجیش ٹھاکر کے خلاف ایف آئی آر درج ہونے کے بعد بھی اس کے اخبارپراتہہ کمل کے لئے سرکاری اشتہار جاری ہوتے رہے تھے۔دی وائرکے پاس دستیاب ثبوتوں سے بھی پتا چلتا ہے کہ 1 جون سے 14 جون تک بہار کےمحکمہ اطلاعات وعوامی رابطہ کی طرف سےپراتہہ کمل اخبار کے نام 14 اشتہار جاری کئے گئےتھے۔

غور طلب ہے کہ حال ہی میں مظفر پور کے شیلٹر ہوم میں 34 بچیوں کے جنسی استحصال کا معاملہ سامنے آیا تھا ۔ اس معاملے میں گرفتار ایک ملزم کی بیوی نے انکشاف کیا تھا کہ منجو ورما کے شوہر چندرشیکھر بھی شیلٹر ہوم میں ریگولر آتے تھے ۔بعد میں جانچ کے دوران پتہ بھی چلا کہ برجیش ٹھاکر نے چندرشیکھر سے اس سال جنوری سے جون کے بیچ 17بار بات چیت کی تھی ۔لیکن اس کا کہنا تھا کہ یہ بات چیت سیاسی مسائل پر زیادہ ہوتی تھی۔

(خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے ان پٹ کے ساتھ)