خبریں

بدعنوانی کے دیمک کو صاف کرنے کے لیے نوٹ بندی جیسی کڑوی دوا ضروری تھی: نریندر مودی

وزیر اعظم نے کہا ؛آج مودی کی طاقت دیکھیے کہ پائی پائی بینک میں جمع کرنے کو مجبور کردیا ۔ کانگریس کے راج سے اس طرح بدعنوانی پھیلی کہ مجھے نوٹ بندی جیسی کڑوی دوا کا استعمال کرنا پڑا، تاکہ غریبوں کو لوٹ کر لے جایا گیا پیسہ ملک کے خزانے میں واپس آئے ۔

فائل فوٹو: پی ٹی آئی

فائل فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی نے نوٹ بندی کو جائز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک سے بد عنوانی کے دیمک کو صاف کرنے اور بینکنگ سسٹم میں پیسہ واپس لانے کے لیے کڑوی دوا کا استعمال ضروری تھا۔ وزیر اعظم نے مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں جھابوآ میں منعقد ایک انتخابی جلسے میں یہ بات کہی ۔انہوں نے کہا؛ اس ملک کو بدعنوانی نے برباد کیا ہے ۔ ہر نچلی سطح پر بدعنوانی کی وجہ سے کوئی نہ کوئی آپ سے پیسے مانگتا ہے کہ نہیں ؟ کیا ملک کو اس بیماری سے باہر نکالنا چاہیے کہ نہیں ؟

مودی نے مزید کہا کہ ؛ جب دیمک لگتی ہے تو سب سے زہریلی دوا ڈالنی پڑتی ہے۔ ہندوستان میں کانگریس کے راج سے اس طرح بدعنوانی پھیلی کہ مجھے نوٹ بندی جیسی کڑوی دوا کا استعمال کرنا پڑا، تاکہ غریبوں کو لوٹ کر لے جایا گیا پیسہ ملک کے خزانے میں واپس آئے ۔ ورنہ ہم تو اخبار میں تصویر دیکھتے ہیں کہ بستر کے نیچے نوٹ پڑے ہیں ،بوری بھر بھر نوٹ پڑے ہیں ۔ آج مودی کی طاقت دیکھیے کہ پائی پائی بینک میں جمع کرنے کو مجبور کردیا ۔

نریندر مودی نے کہا کہ آج غریبوں کے لیے جو گھربن رہے ہیں ، پل بن رہے ہیں ، ڈیولپمنٹ اسکیم بن رہی ہیں ، ان میں لگ رہا پیسہ پہلے بستر کے نیچے چھپایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پیسہ باہر نکلا تو غریبوں کے کام آنے لگا اور اس سے کانگریس کو پریشانی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ا ن کی حکومت نے 4 سال میں پردھان منتری مدرا یوجنا کے تحت بنا گارنٹی کے اب تک 14 کروڑ لوگوں کو قرض دیا ہے۔ان میں سے 70فیصدی لوگوں کو پہلی بار قرض دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں کانگریس کی حکومت میں گزشتہ 55 سال میں 1500اسکول تھے جبکہ 15 سال کی بی جے پی کی حکومت میں 4000اسکول بنائے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ ؛ ہمارا منتر بالک بالیکا کی پڑھائی ،یوواؤں کی کمائی ، کسانوں کی سینچائی بزرگوں کی دوائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 4 مہینے پہلے کرناٹک اسمبلی انتخاب میں کانگریس نے کسانوں کی قرض معافی کا وعدہ کیا تھا لیکن اس کے بجائے وہاں کسانوں کو قرض کا پیسہ جمع کرنے کے لیے نوٹس دیا جارہا ہے یا جیل کا ورانٹ جاری کیا جارہا ہے ۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ان کی حکومت 2022 تک کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کے اپنے ہدف پر کام کررہی ہے۔انہوں نے کہا ؛ میرا خواب ہے کہ 2022تک سب کے پاس پختہ مکان ہو۔ ہم نے اب تک 1.25 کروڑ غریب لوگوں کو پختہ مکان کی کنجی سونپ دی ہے۔

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)