خبریں

گزشتہ 3 سال میں پیرا ملٹری فورس کے تقریباً400جوان مارے گئے

مرکزی وزارت داخلہ کی ایک رپورٹ سے یہ بات سامنے آئی ہے۔

فائل فوٹو: پی ٹی آئی

فائل فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: ہندوستان-پاکستان بارڈر پر گولہ باری ، ملک بھر میں ہوئے دہشت گردانہ اور نکسلی حملے  اور دوسرے طرح کے تشدد کی وجہ سے گزشتہ 3 سالوں میں پیرا ملٹری فورس کے تقریباً 400 جوان   مارے گئے  ہیں۔ مرکزی وزارت داخلہ کی ایک رپورٹ سے یہ بات سامنے آئی ہے۔ وزارت کے ایک افسر کے مطابق؛ سب سے زیادہ بی ایس ایف کے جوان مارے گئے ہیں۔ پاکستان اور بنگلہ دیش سے لگی سرحدوں کی حفاظت کرنے والےبارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) نے 2015 سے 2017 کے درمیان تقریباً 167 جوانوں کو کھویا ہے۔

نیو انڈین ایکسپریس کے مطابق؛بی ایس ایف نے 2015 میں 62 جوان کھوئے، 2016 میں 58 جبکہ 2017 میں 47 جوان مارے گئے۔گزشتہ 3 سالوں سینٹرل ریزرو پولیس فورس( سی آر پی ایف )کے 103 جوان مارے گئے ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر جوان نکسلی سرگرمیوں اور جموں و کشمیر میں دہشت گردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے مارے گئے۔ سی آر پی ایف نے 2015 میں 9،2016 میں 42 اور 2017 میں 52 جوان کھوئے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 3 سالوں میں Sashastra Seema Bal (ایس ایس بی )کے 48 جوان مارے گئے۔جن میں 2015 میں 16، 2016 میں 15 اور 2017 میں 17 جوان مارے گئے۔ ایس ایس بی ہندوستان-بھوٹان اور ہندوستان -نیپال سرحد کی حفاظت کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان اور چین کی سرحد پر  تعینات ہندوستان تبت بارڈر پولیس ( آئی ٹی بی پی)کے 40 جوان مارے گئے۔

جن میں 2015 میں 15، 2016 میں 10 اور 2017 میں 15 جوان مارے گئے۔ وہیں ہندوستان اور میانمار بارڈر پر تعینات آسام رائفلس کے 35 جوان ،ان 3 سالوں میں مارے گئے ہیں۔