خبریں

کانگریس نے سپریم کورٹ سے ایودھیا معاملہ الیکشن تک ٹالنے کو کہا تھا: مودی

وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس پر عدم اعتماد کی تجویز کے ذریعے سپریم کورٹ کے ججوں کو ڈرانے کا بھی الزام لگایا ہے۔ کانگریس رہنما کپل سبل نے جوابی حملے میں کہا کہ مودی کورٹ کے خلاف تبصرہ کر رہے ہیں ۔

فوٹو: اے این آئی

فوٹو: اے این آئی

نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس پر الزام لگایا کہ اپوزیشن پارٹی نے سپریم کورٹ سے ایودھیا معاملے کی شنوائی کو 2019 کے لوک سبھا الیکشن تک ٹالنے کو کہا تھا ۔ مودی نے راجستھان کے الور میں ایک انتخابی اجلاس میں ، سپریم کورٹ میں ایودھیا معاملے کی شنوائی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے رہنما اور راجیہ سبھا کے ایک ممبر نے عدالت سے 2019 تک شنوائی میں تاخیر کرنے کو کہا تھا ،کیوں کہ 2019میں الیکشن ہے۔

نریندر مودی نے الور میں انتخابی اجلاس کے دوران کہا کہ ، جب ایودھیا کا مقدمہ چل رہا تھا ، کانگریس کے رہنما ،راجیہ سبھا کے ممبر کہتے ہیں کہ 2019تک مقدمہ مت چلاؤ کیوں کہ 2019 میں الیکشن ہے۔ ملک کی عدلیہ کو اس طرح سیاست میں گھسیٹنا مناسب ہے کیا۔ مودی نے اس اجلاس میں کانگریس پر سپریم کورٹ کے ججوں کو ڈرانے دھمکانے کا بھی الزام لگایا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا ، جب سپریم کورٹ کے جج ایودھیا جیسے اہم اور حساس معاملے میں سب کی بات سننا چاہ رہے تھے تب کانگریس کے راجیہ سبھا ممبر اور وکیل عدالت کے ججوں کے خلاف عدم اعتماد کی تجویز لاکر ان کو دھمکا رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کے اس نئے کھیل کے بارے میں وہ ملک کے دانشوروں سے ، ملک کے سنہرے مستقبل کے لیے سنجیدگی سے اس کو کسوٹی پر کسنے کی درخواست کرتے ہیں ۔ وزیر اعظم نے الزام لگایا کہ کانگریس کا عدلیہ میں اعتماد نہیں ہے ،لیکن ہم یہ سیاہ کارنامہ جمہوریت کے مندر میں نہیں ہونے دیں گے۔

مانا جارہا ہے کہ نریندر مودی کانگریس رہنما اور سپریم کورٹ کے وکیل کپل سبل کو تنقید کا نشانہ بنا رہے تھے ۔ حالاں کہ کپل سبل نے مودی کے الزامات کو خارج کیا ہے اور کہا کہ وزیر اعظم عدلیہ کے خلاف تبصرہ کر رہے ہیں ۔

کپل سبل نے کہا ، میں جنوری سے نومبر 2018کے بیچ میں سپریم کورٹ میں شنوائی کے لیے نہیں گیا ہوں ۔ جب اکتوبر میں یہ معاملہ عدالت کے سامنے آیا تھا تو چیف جسٹس نے کہا کہ یہ ہماری ترجیحات نہیں ہیں ۔ تو کیوں وزیر اعظم عدلیہ کے خلاف تبصرہ کرنے کی ہمت کررہے ہیں ۔ یہ دکھاتا ہے کہ وزیر اعظم اس مدعے کو صرف انتخابی مدعے کے طور پر استعمال کرنا چاہتے ہیں ۔سبل نے مزید کہا کہ مودی الزام لگارہے ہیں کہ کانگریس نے ایودھیا معاملے کی شنوائی دیری سے کرنے کے لیے کہا ۔ اس کا مطلب ہے کہ ان کو یہ بھی نہیں معلوم کہ اس معاملے کو لے کر کورٹ میں پارٹی  نہ تو کانگریس ہے اور نہ ہی بی جے پی۔ایک وکیل کے طور پر میں ،اور دوسرے لوگوں کی جانب سے پیروی کر رہا تھا۔

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)