خبریں

اتر پردیش: پولیس وین سے کھینچ کر بھیڑ نے مبینہ طور پر ایک نوجوان کی جان لی

 پو لیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے کے تقریباً 2 گھنٹے بعد راجیندر اپنے گھر کی چھت سے گرگیا تھا اور اس کی موت سر میں شدید طور پر چوٹ لگنے کی وجہ سے ہوئی ہے۔

وائرل ویڈیو کا اسکرین شاٹ

وائرل ویڈیو کا اسکرین شاٹ

نئی دہلی : اتر پردیش کے شاملی ضلع کے گاؤں میں مبینہ طور پر ایک نوجوان کو پیٹ پیٹ کر مار ڈالا گیا ۔این ڈی ٹی وی کی ایک خبر کے مطابق ؛ سوشل میڈیا پر شیئر کیے جارہے ویڈیو میں واردات کے دوران پولیس کی موجودگی کو دیکھا جاسکتا ہے۔ حالاں کہ پولیس نے اس میں کوئی مداخلت نہیں کی۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق ،راجیندرکشیپ نامی ایک نوجوان کا کچھ لوگوں سے کسی بات کو لے کر جھگڑا ہوگیا تھا ۔ اسی جھگڑے کی وجہ سے لوگوں نے اس پر لاٹھی سے حملہ کر دیا ۔

پولیس کو جیسے ہی اس کی جانکاری ملی اس نے موقع پر پہنچ کرزخمی راجیندر کو پولیس وین میں ڈال دیا ۔لیکن حملہ آور اس کو چھوڑنے کو تیار نہیں تھے ۔ بھیڑ میں شامل ایک نوجوان نے اس پر تب تک حملہ کیا جب تک وہ بری طرح سے زخمی ہوکر سڑک پر گر نہیں گیا ۔ ان سب کے دوران پولیس نے کسی طرح کی کوئی مداخلت نہیں کی ۔

اس معاملے کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شاملی کے ایس پی اجئے کمار کا بیان آیا کہ واردات کے وقت موجود پولیس اہلکاروں کو سسپنڈ کر دیا گیا ہے۔اس معاملے میں 6 لوگوں  کے خلاف آئی پی سی کی دفعات کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے ۔ واردات کے بعد علاقے میں کشیدگی کے مدنظر پولیس فورس کی تعیناتی کی گئی ہے۔

خبررساں ایجنسی بھاشا کے مطابق،پولیس نے بتایا کہ سوموار کی رات شراب پیتے وقت راجیندر اور رفو کے بیچ جھگڑا ہوا تھا۔ ان کو شک ہے کہ شاید اسی جھگڑے کی وجہ سے راجیندر کا قتل ہوا ہے ۔ دریں اثنا مقامی لوگوں نے تھانہ بھون روڈ کو جام کر کے راجیندر کی لاش کو کھلے میں رکھ کر  انصاف کی مانگ کی ۔

انڈین ایکسپریس کی ایک خبر کے مطابق،مبینہ طور پر 28سالہ راجیندر عرف مونو کو لوگوں نے پولیس وین سے کھینچ کر پیٹ پیٹ کر مار ڈالا۔ الزام ہے کہ وہ  نشے میں تھا اور ہنگامہ کر رہا تھا۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں نظر آرہا ہے کہ مبینہ طور پر پیٹ پیٹ کر مار دیا گیاشخص پولیس وین میں بیٹھا ہے ،اسی دوران ایک بلیو شرٹ والا آدمی دروازہ کھول کر اس کر تھپڑ مارتا ہے ،جبکہ پولیس اس کے قریب ہی بیٹھی ہے اور اس کے بازو کو پکڑ رکھا ہے۔اس ویڈیو میں ایک آدمی کو دروازہ کھولتے اور راجیندر کو وین سے باہر کھینچتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

راجیندر کے اہل خانہ نے گاؤں کے ہی 6 لوگوں  پر الزام لگایا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک دن پہلے انہی لوگوں سے راجیندر کا جھگڑا ہواتھا۔ان لوگوں نے راجیندر کو لاٹھی سے مارا۔لیکن پو لیس کا کہنا ہے کہ اس کی موت سر میں شدید طور پر چوٹ لگنے کی وجہ سے ہوئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے کے تقریباً 2 گھنٹے بعد وہ اپنے گھر کی چھت سے گرگیا تھا۔راجیندر کے بھائی انکت کے بیان پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔جس میں عارف کو اہم ملزم بنایا گیا ہے۔ پولیس نے عارف کو گرفتار کر لیا ہے۔