خبریں

بی جے پی کو مغربی بنگال میں’یاترا‘ نکالنے سے کوئی نہیں روک سکتا: امت شاہ

کلکتہ ہائی کورٹ نے بی جے پی کو کوچ بہار میں ’رتھ یاترا‘ نکالنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ بی جے پی نے حکم کے خلاف ہائی کورٹ کی بنچ میں جمعہ کو اپیل داخل کی۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: بی جے پی کے صدر امت شاہ نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی کو مغربی بنگال میں یاترائیں نکالنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ انھوں نے کہا کہ پارٹی یقینی طور پر یاترا نکالے گی۔ دراصل جمعرات کو مغربی بنگال حکومت کی تشویش پر کلکتہ ہائی کورٹ نے بی جے پی کو اپنی مجوزہ ‘رتھ یاترا’ نکالنے کی اجازت نہیں دی تھی، جس پر آج رد عمل دیتے ہوئے امت شاہ نے یہ تبصرہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق؛ ریاستی حکومت نے بی جے پی کی کوچ بہار کے لیے مجوزہ ‘رتھ یاترا’کو لے کر تشویش کا اظہار کیا تھا کہ اس سے وہاں لاء اینڈ آرڈر کا مسئلہ کھڑا ہو سکتا ہے۔ حکومت کی اس دلیل پر ہائی  کورٹ نے یاترا نکالنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ پی ٹی آئی کے مطابق؛ اسی کو لے کر آج پریس کانفرنس  کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا،’ہم یقینی طور پر یاترائیں نکالیں گےاور ہمیں کوئی نہیں روک سکتا۔ مغربی بنگال میں بدلاؤ کے لیے  بی جے پی کمیٹڈ ہے۔ یاترائیں رد نہیں ،صرف ملتوی ہوئی ہیں۔ ‘

عدالت نے مغربی بنگال کے سبھی ضلعوں کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت دی تھی کہ بی جے پی کے سبھی ضلع صدر کا موقف سننے کے بعد پارٹی کے ذریعے نکالی جانے والی ‘رتھ یاترا’ ریلیوں کے انعقاد پر اس کو 21 دسمبر تک رپورٹ دیں۔جسٹس تپورت چکرورتی نے 9 جنوری کو شنوائی کے اگلے دن تک ریلی ملتوی کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ رتھ یاترا کی اجازت دینے کی بی جے پی کی عرضی کو اس سطح پر منظور نہیں کیا جا سکتا۔

بی جے پی نے مغربی بنگال میں رتھ یاترا کی اجازت سے انکار کرنے کے کلکتہ ہائی کورٹ کی سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ کی بنچ میں جمعہ کو اپیل داخل کی۔ وہیں ممتا بنرجی کی قیادت والی حکومت پرامت شاہ نے  الزام لگایا کہ ملک میں سب سے زیادہ سیاسی قتل بنگال میں ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا،’ پورا مغربی بنگال انتظامیہ اقتدار میں بیٹھے ترنمول کانگریس کے لیے کام کر ہا ہے۔ ‘

دریں اثنا خبر رساں ایجنسی اے این آئی  کے مطابق، مغربی بنگال میں بی جے پی کی مجوزہ رتھ یاترا پر روک لگانے کے حکم کو کلکتہ ہائی کورٹ کی ڈویژن بنچ نے خارج کر دیا ہے۔ اس معاملے کی شنوائی کرتے ہوئےہائی کورٹ کی ڈویژن بنچ نے جمعہ کو بی جے پی کے تین ترجمان کو ریاست کے چیف سکریٹری ،ہوم سکریٹری اور ڈی جی پی سے 12 دسمبر تک ملاقات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ عدالت اس معاملے میں 14 دسمبر تک آخری فیصلہ سنائے گی۔

(خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے ان پٹ کے ساتھ)