خبریں

نوٹ بندی کے بعد جاری نئے ہندوستانی نوٹوں پر نیپال نے لگائی روک

نیپال حکومت نے 100 روپے کے علاوہ 200،500 اور 2ہزار روپے کے ہندوستانی نوٹوں کے چلن پر ملک میں روک لگا دی ہے۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: نیپال حکومت نے ملک میں انڈین کرنسی پر روک لگا دی ہے۔ کاٹھمنڈوپوسٹ کی خبر کے مطابق؛ 100 روپے سے زیادہ قیمت کے ہندوستانی نوٹ اب نیپال میں نہیں چلیں گے۔ حکومت کا یہ فیصلہ فوری اثر سے نافذ ہوگا۔ نیپال حکومت کے ترجمان اور منسٹر فار انفارمیشن اینڈ کمیونیکشن گوکل پرساد بسکوٹانے کہا کہ لوگ انڈین کرنسی رکھنے سے بچیں کیونکہ اب تک حکومت نے 200 ، 500 اور 2000 روپے کے نئے ہندوستانی نوٹوں کو منظوری نہیں دی ہے۔

صرف 100 روپے کا ہندوستانی نوٹ نیپال میں قبول ہوگا۔ بتایا جا رہا ہے کہ نومبر 2016 میں ہندوستان میں 500 اور 1000 روپے کے نوٹ چلن سے باہر ہونے کے بعد نیپال میں بڑی تعداد میں کئی کروڑوں کی پرانی انڈین کرنسی پھنسی ہوئی ہے۔ غور طلب ہے کہ نیپال میں 200 اور 500 روپے کے ہندوستانی نوٹوں کا بڑے پیمانے پر استعمال ہوتا ہے۔

نوٹ بندی کے بعد حکومت ہند کے ذریعے نئے نوٹ لانے کے بعد نیپال حکومت نے انڈین کرنسی کو لے کر کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا تھا اور تب سے نیپال میں ہندوستانی نوٹ اسی طرح چلن میں تھے۔ انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق؛اس فیصلے کے بعد ہندوستان میں کام کر رہے نیپالی مزدوروں کے ساتھ ہندوستان سے نیپال جانے والے لوور اور مڈل کلاس کے ڈھیروں سیاح متاثر ہوں گے۔

نیپال حکومت کے ذریعے یہ فیصلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب حکومت کے ذریعے سال 2020 کو’ وزٹ نیپال ایئر’کے روپ میں منانے کی تیاریاں چل رہی ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق، اس سال تقریباً 20 لاکھ لوگ نیپال پہنچے گے، جن میں بڑی تعداد ہندوستانیوں کی ہوگی۔