خبریں

شیو سینا نے کہا؛ اچھے دن لانے میں ناکام رہے لوگوں کو اب اپوزیشن میں بیٹھنے کا ڈر ہے

شیو سینا نے کہا کہ ،آج ایودھیا میں بھگوان رام اور سیاست میں بی جے پی سینئر رہنما لال کرشن اڈوانی بن باس میں ہیں جبکہ اقتدار کے آکسیجن پر دوسرے ہی لوگ جی رہے ہیں ۔

ادھو ٹھاکرے، فوٹو : پی ٹی آئی

ادھو ٹھاکرے، فوٹو : پی ٹی آئی

نئی دہلی : شیو سینا نے پارٹی ترجمان ‘سامنا’ میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعے  اقتدار کو آکسیجن بتانے والے تبصرے کے لیے ان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اخبارکے اپنے اداریہ میں پارٹی نے کہا جو لوگ (بی جے پی)اچھے دن لانے میں ناکام رہے ان کو اب اپوزیشن میں بیٹھنے کے خیال سے ہی وہ احساس کمتری میں مبتلا نظر آرہے ہیں، اور اقتدار کو آکسیجن ملتی رہے اس لیے چوروں کو پاک کیا جارہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پارٹی نے کہا کہ کمپیوٹر اور موبائل فون کی جاسوسی کرنے کا حکومت کا قدم سچی جمہوریت کی علامت نہیں ہے بلکہ اقتدار میں بنے رہنے کی بے تابی ہے۔

مرکز اور مہاراشٹر میں بی جے پی کی اتحادی پارٹی شیو سینا نے کہا ،کسی کو جبراً بنواس بھیجنا حکومت کے لیے موجودہ سیاست ہے ۔غور طلب ہے کہ سوموار کو اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ کچھ لوگوں کے لیے اقتدار آکسیجن کی طرح ہے جو ان سے کچھ سال کے لیے بھی دور ہوجائے تو وہ بے چین ہوجاتے ہیں ۔اس پر مراٹھی روزنامہ نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جولوگ اقتدار میں رہنے کے باوجود اچھے دن لانے میں ناکام رہے ،ان کو اب اپوزیشن میں بیٹھنے کا ڈر ہے۔اخبار میں کہا گیا ہے کہ ، مودی جی نے کہا کہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ اپوزیشن میں بیٹھ کر گزارا۔لیکن کبھی بے چین نہیں ہوئے ،جبکہ مودی جی کے مطابق کچھ لوگ ان کے ٹھیک الٹ ہیں ۔ اب سوال اٹھتا ہے کہ یہ کون لوگ ہیں ؟

اس کے بعد اخبار نے لکھا ہے کہ ،اقتدار کا آکسیجن رہے اس لیے غنڈوں اور چوروں کو پاک کیا جائے ۔ انتخاب جیتنے کے لیے ڈاکوؤں کو والمیکی بنایا جائے ۔ آخر کار یہ اقتدار کی بے تابی ہی لگتی ہے۔ پارٹی نے کہا کہ آج ایودھیا میں بھگوان رام اور سیاست میں بی جے پی کے سینئر رہنما لال کرشن اڈوانی بن باس میں ہیں جبکہ اقتدار کے آکسیجن پر دوسرے ہی لوگ جی رہے ہیں ۔

بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شیو سینا نے کہا کہ اقتدار کے لیے شیو سینا کے ساتھ ہندتوا کے اصولوں پر اتحاد 2014میں بھی ٹوٹا تھا اور ہندتوا کے آکسیجن کے سیلنڈر کو لوٹا گیا تھا۔ اداریہ میں کہا گیا ہے کہ اب جب لوگوں کے پاس ہندتوا کے اس آکسیجن کے سیلنڈر کی فراہمی کو روکنے کا وقت ہے تو بی جے پی کے ذریعے بیان دیے گئے کہ شیو سینا کے ساتھ اتحاد ہوگا۔

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)