خبریں

ای ڈی نے کورٹ میں کہا، کرشچین مشیل نے پوچھ تاچھ میں’مسز گاندھی‘ کا نام لیا تھا

ای ڈی کے وکیل نے کورٹ کو یہ بھی بتایا کہ سودے کے دوران مشیل اور دوسرے لوگوں کی بات چیت میں کسی ‘بڑے آدمی’ کا ذکر آیا تھا، جس کا نام انگریزی کے ‘آر’ سے شروع ہوتا ہے۔

فوٹو: رائٹرس

فوٹو: رائٹرس

نئی دہلی : اگستاویسٹ لینڈ ہیلی کاپٹر سودے کے کلیدی دلال کرشچین مشیل کو ای ڈی نے سنیچر کو دہلی کی ایک اسپیشل عدالت میں پیش کیا۔ دی انڈین ایکسپریس کے مطابق؛ ای ڈی نے کورٹ کو بتایا کہ پوچھ تاچھ میں کرشچین مشیل نے ‘مسیز گاندھی ‘ کا نام لیاہے لیکن اس بارے میں اس سے آگے سوال پوچھے جاتے اسی دوران اس کے وکیل وہاں پہنچ گئے۔ تب مشیل نے اپنے وکیلوں کو ایک پرچی پکڑائی تھی اور ان سے پوچھا تھا کہ اس مدعے پر اس کو آگے کیا جواب دینے ہیں۔

اس معاملے کو لے کر ای ڈی نے کورٹ کو ایک رپورٹ  بھی سونپی ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے الزام لگایا ہے کہ کرشچین مشیل کو پوچھ تاچھ کے دوران جواب دینے کے لیے باہر سے سمجھایا جا رہا ہے۔ ادھر مشیل کے وکیل الجو جوزف نے کورٹ کے سامنے قبول کیا ہے کہ کرشچین نے ان کو پرچی پکڑائی تھی۔ لیکن اس کے ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جس کمرے میں مشیل سے ان کی ملاقات ہوئی وہ بے حد تنگ تھا ، اس لیے اس پرچی پر کیا لکھا تھا اس کو وہ دیکھ نہیں پائے تھے۔

اس پر ای ڈی کے وکیل نے مانگ کی کہ مشیل اور اس کے وکیلوں کی ملاقاتوں کو کم کیا جائے۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق؛ای ڈی کے وکیل ڈی پی سنگھ نے کورٹ میں جانکاری دی ہے کہ ہیلی کاپٹر سودے سے جڑے دستاویز وں میں ایک جگہ لکھا ہوا ہے ،’ ایک اطالوی خاتون کا بیٹا…ملک کا اگلا وزیر اعظم بننے جا رہا ہے۔’ڈی پی سنگھ کے مطابق؛ای ڈی اب آگے اس جانکاری کے حوالے سے مشیل سے پوچھ تاچھ کرنا چاہتا ہے۔

ای ڈی کے وکیل نے کورٹ کو یہ بھی بتایا کہ سودے کے دوران مشیل اور دوسرے لوگوں کی بات چیت میں کسی ‘بڑے آدمی’ کا ذکر آیا تھا، جس کا نام انگریزی کے ‘آر’ سے شروع ہوتا ہے۔ڈی پی سنگھ نے عدالت سے کہا کہ ای ڈی کو اس شخص کی پہچان کرنی ہےاور ساتھ ہی کرسچین مشیل سے ان جگہوں کی نشاندہی کروانی ہے جہاں رشوت لی دی گئی تھی۔ ان دلائل کے ساتھ ای ڈی نے مشیل کی عدالتی حراست کو بڑھانے کی اپیل کی تھی ۔ اس پر عدالت نے اس کو 7 دن کی حراست میں رکھنے کی منظوری دے دی۔

اس بیچ کانگریسی رہنما آر پی این سنگھ نے کہا کہ حکومت کی طرف سے مشیل پر ایک خاص فیملی کا نام لینے کا دباؤ بنا یا جارہا ہے۔ ان کے مطابق ، اس معاملے میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے لوگ اسکرپٹ لکھنے کا کام کر رہے ہیں۔اس سے پہلے اگستا ویسٹ لینڈ ہیلی کاپٹر سودے کے ثالث اور ا س معاملے میں منی لانڈرنگ کے ملزم کرشچین مشیل کو متحدہ عرب امارات سے سرینڈر کروایا گیا تھا۔ اسی مہینے ہندوستان لائے جانے کے بعد اس کو عدالتی حراست میں پوچھ تاچھ کے سی بی آئی کو سونپ دیا گیا تھا۔ سی بی آئی کی عدالتی حراست ختم ہونے کے بعد اس کو ای ڈی نے گرفتار کر لیا تھا۔

(خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے ان پٹ کے ساتھ)