خبریں

جھارکھنڈ: وزیر اعظم نریندر مودی کے جلسہ میں کالے رنگ پر پابندی

جھارکھنڈ کے پلامو کمشنری میں آئندہ 5 جنوری کو وزیر اعظم نریندر مودی ایک جلسہ کو خطاب کریں‌گے۔ ریاست بھر میں کانٹریکٹ ٹیچرس  کے مظاہرہ کے خدشے کی وجہ سے  انتظامیہ نے یہ قدم اٹھایاہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی (فوٹو : پی ٹی آئی)

وزیر اعظم نریندر مودی (فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی کے 5 جنوری کو جھارکھنڈ کے پلامو کمشنری  میں ہونے والے  جلسے میں کوئی بھی کالی چیز ساتھ میں لےکر آنے پر روک لگا دی گئی ہے۔ پلامو ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ اندرجیت مہتھا نے بتایا کہ حفاظتی اقدام کے تحت وزیر اعظم کے عوامی جلسے میں کالے رنگ کی چیزوں کو ساتھ لانے پر روک لگا دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پر سختی سے عمل کیا جائے‌گا۔

 مہتھا نے بتایا کہ کالے کپڑے، ربن وغیرہ لےکر کسی بھی آدمی کو  جلسے میں نہیں آنے دیا جائے‌گا۔ قابل ذکر ہے کہ ان دنوں ریاست میں پارا ٹیچر (معاہدہ پر کام کرنے والے ٹیچر) ریاست کی رگھوبر داس حکومت سے ناراض ہوکر اپنی مانگوں کے سلسلے میں آندولن کر رہے ہیں اور اسی کے تحت پولیس نے احتیاط کے طور پر پانچ جنوری کو ہونے والے وزیر اعظم کے جلسہ کے مدنظر یہ قدم اٹھایا ہے۔

Jharkhand-Narendra-Modi

معلوم ہو کہ پارا ٹیچر پچھلے تین مہینوں سے ریاست بھر میں مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اس دوران کچھ اساتذہ کی موت ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ یہ استاد اپنی سروس  مستقل کرنے اور سرکاری اساتذہ کے برابر پے اسکیل جیسی مانگوں کو لےکر مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، پارا ٹیچر کالے کپڑوں سے وزیر اعظم کی مخالفت کر سکتے ہیں۔

یہ عام جلسہ اگلے پانچ جنوری کو جھارکھنڈ کے میدنی نگر میں چنیاکی ہوائی اڈہ کے قریب ہونے والا ہے۔ ہندوستان ٹائمس کی رپورٹ کے مطابق، اتر کویل میں زیر التوا آب پاشی منصوبہ جس کو منڈل باندھ‌کے نام سے جانا جاتا ہے، کا پھر سے افتتاح کریں‌گے۔ اس کے علاوہ قحط زدہ پلامو اور گڑھوا ضلع کے لئے نئے آبی منصوبے کا بھی افتتاح کریں‌گے۔

خبر  کے مطابق، آب پاشی منصوبہ 1622 کروڑ روپے کا ہے اور آبی منصوبہ 1136 کروڑ روپے  کا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی جھارکھنڈ دورے کے وقت قریب ایک گھنٹے کا وقت یہاں گزاریں‌گے۔

رپورٹ کے مطابق، لاتیہار، پلامو، گڑھوا اور چترا کے ڈپٹی کمشنر کو بھیجے گئے پیغام میں پلامو کے ایس پی نے کہا ہے، ‘ سرکاری ملازم یا عام لوگ کالی پتلون، شرٹ، کوٹ، سویٹر، مفلر، ٹائی، جوتے اور موزے نہ تو پہن‌کر آئیں اور نہ ہی کالی شال، بیگ، کیپ اور کالے رنگ کا کپڑا جلسہ گاہ میں ساتھ  لائیں۔ اس کے علاوہ ایک  آئی ڈی کارڈ ہونا چاہیے تبھی ان کو جلسہ گاہ میں داخل ہونے دیا جائے‌گا۔ ‘

غور طلب ہے کہ پلامو پولیس نے اس سے پہلے بھی ایک جلسہ میں کالے رنگ کی تمام چیزوں پر پابندی لگا دی تھی۔ اس پروگرام میں رگھوبر داس بھی موجود تھے۔ کالی چیزوں کو ساتھ لے آنے والے لوگوں سے ایسی چیزیں لینے کے بعد ہی ان کو جلسہ گاہ میں جانے کی اجازت دی گئی تھی۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)