خبریں

بہار: مویشی چوری کے شک میں بھیڑ نے ایک بزرگ کی جان لی

تقریباً 300 لوگوں نے بزرگ پر حملہ کیا اور اس کو لاٹھی ڈنڈے سے پیٹا۔ اس معاملے کا ایک ویڈیو بھی وائرل ہوا ہے۔

Screen-Shot-araria

نئی دہلی : بہار کے ارریہ ضلع میں ایک بزرگ کو پیٹ پیٹ کر مار دینے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ارریہ ضلع کے سکٹی تھانہ حلقہ کے سمربنی گاؤں میں گزشتہ سنیچر کو یہ معاملہ ہوا ۔ این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق، تقریباً 300 لوگوں کی بھیڑ نے مویشی چوری کے شک میں 55سالہ بزرگ کابل کو پیٹ پیٹ کر مار ڈالا۔ کابل پاس کے ہی گاؤں کا رہنے والا تھا ۔ بھیڑ کے ذریعے کابل کو مارے جانے کا ویڈیو بھی وائرل ہوا ہے۔ویڈیو میں کابل بھیڑ سے اپنے جان کی بھیک مانگ رہاہے۔ لیکن بھیڑ اس کی ایک نہیں سن رہی ۔بھیڑ اس کو تب تک مارتی رہی  جب تک کہ اس کی جان نہیں چلی گئی ۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈنڈوں سے اس پر وار کیا جارہا ہے اور بھیڑ اس کو چور کہہ کر مخاطب کر رہی ہے۔ حملہ آوروں کی قیادت کرنے والا مسلم میاں نام کا ایک نوجوان ہنستے ہوئے بھیڑ کو حملے کے لیے اکسا رہا ہے۔ بھیڑ نے بزرگ کو برہنہ بھی کردیا تھا۔ ویڈیو میں کئی حملہ آوروں کے چہرے صاف دکھائی دے رہے ہیں لیکن پولیس نے ابھی تک ان میں سے کسی کو گرفتار نہیں کیا ہے۔ڈی این اے کی ایک رپورٹ کے مطابق، ایک پولیس آفیسر نے کہا کہ ہم ویڈیو کی بنیاد پر ملزمین کی پہچان کرنے کی کوشش کر رہے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم میاں نے پہلے بھیمحمد کابل کے خلاف مویشی چوری کا معاملہ درج کروایا تھا۔ پولیس کو اس معاملے کی جانکاری دو دن بعد ویڈیو وائرل ہونے کی وجہ سے ملی ۔ارریہ  ایس ڈی پی او کے پی سنگھ نے کہا کہ حملہ آور مرنے والے کی  پہچان والے تھے اور یہ تمام لوگ ایک ہی کمیونٹی سے تعلق رکھتے ہیں ۔ نامعلوم لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہےاو رکلیدی ملزم کی تلاش جاری ہے۔

معاملے کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پورے علاقے میں کشیدگی ہے ،لوگوں میں غصہ ہے ۔ ساتھ ہی ارریہ ایس ڈی پی او نے بتایا کہ معاملے کا ویڈیو پولیس کو بھی ملا ہے ،پولیس ویڈیو کی جانچ کر رہی ہے ۔ پولیس ہر پہلو سے معاملے کی تفتیش کررہی ہے۔ انہوں  نے کہا کہ مقتول کابل مجرم تھا ، اس کے گھر سے پولیس نے گزشتہ مہینے ہی نیپال سے لوٹی ہوئی رائفل برآمد کی تھی ۔

ماب لنچنگ کے اس معاملے پرنتیش حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے   آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو نے اس کو مابو کریسی کا نام دیا ہے۔

دریں اثنا ایک دوسرے معاملے میں پولیس نے جانکاری دی ہے کہ ،بہار کے نالندہ ضلع میں مقامی آر جے ڈی رہنما کے قتل کے بعد بھیڑ نے  نابالغ سمیت دو لوگوں کو پیٹ پیٹ کر مار ڈالا اور ایک کو بری طرح زخمی کر دیا ہے۔غور طلب ہے کہ مقامی آر جے ڈی رہنما کو منگل کو گولی مار دی گئی تھی ۔ قتل کے شک میں تقریباً 200 لوگوں کی بھیڑ نے مبینہ طور پر قاتلوں کے گھر پر حملہ کیا اور ایک گھر میں آگ لگادی ۔