خبریں

مظفر پور شیلٹر ہوم معاملہ: سی بی آئی نے بتایا، بچیوں کو فحش گانوں پر نچایا، مہمانوں نے ریپ کیا

سی بی آئی نے 73 صفحات کی چارج شیٹ داخل کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ کیسے بالیکا گریہہ کے مالک برجیش ٹھاکر نے لڑکیوں کو کھلے کپڑے پہننے ،بھوجپوری گانوں پر ناچنے، نشہ کرنے اور مہمانوں کے ذریعے ریپ کرنے کے لیے مجبور کیا۔

بہار کے مظفرپور واقع بالیکا گریہہ میں بچوں سے ریپ معاملے کا اہم ملزم برجیش ٹھاکر۔ (فوٹو بشکریہ : فیس بک / ٹوئٹر)

بہار کے مظفرپور واقع بالیکا گریہہ میں بچوں سے ریپ معاملے کا اہم ملزم برجیش ٹھاکر۔ (فوٹو بشکریہ : فیس بک / ٹوئٹر)

نئی دہلی: سی بی آئی نے کہا کہ مظفر پور بالیکا گریہہ میں رہنے والی نابالغ لڑکیوں کو مالک اور دوسرے لوگوں کے ساتھ جنسی تعلق بنانے اور فحش گانوں پر ناچنے کے لیے مجبور کیا جاتا تھا۔ این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق؛ سی بی آئی نے 73 صفحات کی چارج شیٹ داخل کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ کیسے بالیکا گریہہ کے مالک برجیش ٹھاکر نے لڑکیوں کو کھلے کپڑے پہننے ،بھوجپوری گانوں پر ناچنے، نشہ کرنے اور مہمانوں کے ذریعے ریپ کرنے کے لیے مجبور کیا۔

ٹھاکر اور دیگر 20 کے خلاف پاکسو کے تحت کیس درج کیا گیاہے اور چارج شیٹ داخل کی گئی۔ برجیش ٹھاکر کو مبینہ طور پر بہار کے کئی سیاسی رہنماؤں خاص کر جنتا دل(یونائیٹڈ)کا قریبی مانا جاتا ہے۔ سپریم کورٹ نے مظفر پور بالیکا گریہہ معاملے کی شنوائی کرتے ہوئے ان کو ایک ‘بہت  اثر و رسوخ والا شخص’ کہا تھا۔وکیل اور چائلڈ رائٹس کارکن کے ڈی مشرا نے کہا ہے کہ سی بی آئی نے ان سرکاری افسروں کے نام چھوڑ دیے ہیں جو استحصال کے بارے میں جانتے تھے اور انھوں نے دخل نہیں دیا۔

انھوں نے ہندوستان ٹائمس سے کہا ،’ پاکسو ایکٹ کی دفعہ 19 میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ کسی بھی شخص کے پاس جرم کی جانکاری ہونے پو پولیس کو اطلاع دی جائے گی۔ افسروں نے معاملے کی رپورٹ کیوں نہیں کی جبکہ ان کو 2018 کی شروعات سے ہی اس کی جانکاری تھی۔’؟ واضح ہو کہ  ممبئی واقع ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف سوشل سائنسیز  کے ذریعے گزشتہ  27 اپریل کو بہار کے سماجی فلاح و بہبود محکمہ کو سونپی گئی سوشل آڈٹ رپورٹ کی بنیاد پر مظفرپور ضلع میں واقع ایک بالیکا گریہہ  میں 34 لڑکیوں کے جنسی استحصال کا معاملہ سامنے آیا تھا۔

اس سے پہلے یہاں رہ رہی 29 لڑکیوں سے ریپ کی تصدیق ہوئی تھی۔ ریپ کی شکار ہوئی لڑکیوں میں سے کچھ 7 سے 13 سال کے بیچ کی ہیں۔اس معاملے میں بالیکا گریہہ کے ڈائریکٹر برجیش ٹھاکر، جس کا این جی او شیلٹر ہوم چلا تا تھا، سمیت کل 10 ملزمین کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا ہے ۔اس معاملے میں اپوزیشن راشٹریہ جنتا دل نے نتیش کمار حکومت پر برجیش ٹھاکر کو حمایت دینے کا الزام لگایا  تھا۔