خبریں

راجستھان کےسابق وزیر داخلہ نے کہا؛اگر حالات نہیں بدلے تو راجستھان کے ہر شہر میں پاکستا ن ہوگا

بی جے پی ایم ایل اے اور راجستھان کے سابق ریاستی وزیر داخلہ گلاب چند کٹاریہ نے اجلاس میں کہا ، وہ ہر شہر میں پاکستان چاہتے ہیں ۔ آپ کے بھگوان مندر میں رو رہے ہیں ۔ ان کی پوجا کرنے کے لیے کوئی نہیں ہے۔

فوٹو: فیس بک

فوٹو: فیس بک

نئی دہلی: راجستھان کے سابق وزیر داخلہ اور بی جے پی ایم ایل اے گلاب چند کٹاریہ نے لو جہاد کو لے کر ایک متنازعہ بیان دیا ہے۔ ادے پور ضلع کے ولبھ نگر میں تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کٹاریہ نے کہا کہ اگر حالات جلد نہیں بدلے تو ہر شہر میں ایک پاکستان ہوگا۔انڈین ایکسپریس کی ایک خبر کے مطابق،وہ (مسلمان)ہر شہر میں ایک پاکستان چاہتے ہیں ۔ آپ کے بھگوان مندر میں رور ہے ہیں ۔ ان کی پوجا کرنے کے لیے کوئی نہیں ہے اور نہ ہی ان کی دیکھ بھال کے لیے کوئی موجود ہے۔ کئی بار وہ لوگ یہاں ہڈیاں اور گوشت پھینکتے ہیں ،روز روز ان سے کون لڑے گا؟

سابق وزیر داخلہ نے لو جہا کے مدعے پر کہا کہ ،  لوگ اپنی بیٹیوں اور بچیوں کو بچانے  کے لیے گھر بار چھوڑ رہے ہیں ۔ لو جہا د کیا ہے آپ سمجھتے ہیں ؟ کیوں ہماری بیٹیاں پنکچر بنانے والے کے ساتھ بھاگ رہی ہیں ؟ یہ کیا ڈراما ہے؟ اس کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔گلاب چند کٹاریہ کے بیان کا یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے۔

نو بھارت ٹائمس کی ایک خبر کے مطابق، کٹاریہ نے کہا کہ خطرے کو سمجھ کر لوگوں کو اپنی پوری قوت کے ساتھ متحد ہونا چاہیے۔انھوں نے کہا ،’ ہم سبھی رام کے بچے ہیں، ذات اور مذہب کے بارے میں بھول جائیے۔ ہمارا مذہب اور ذات ایک ہے، رام۔ جب ہم مرتے ہیں،تب بھی ‘رام رام’ کہتے ہیں۔ ہم ایک دوسرے کو بھی رام رام کہتے ہوئے ملتے ہیں۔ رام ہماراوشواس ہے۔‘ٹائمس آف انڈیا کے ذریعے رابطہ کیے جانے پر کٹاریا نے اس بات کی تصدیق کی کہ انھوں نے ایسا تبصرہ کیا تھا۔

کٹاریا نے کہا کہ وہ سماج کے مختلف لوگوں کے ذریعے ووٹ ڈالنے کے فرق کے بارے میں بتا رہے تھے۔انھوں نے کہا،’کئی سارے ایسے علاقے ہیں جہاں پر 75 فیصدی ووٹنگ ہوئی تھی اور ہمیں صرف 7 ووٹ ملے۔ کیا ہم نے وکاس میں ان کے ساتھ فرق کیاتھا؟’کانگریس نے الزام لگائے ہیں کہ بی جے پی نے میٹرو پروجیکٹ اور شہر کی خوبصورت کے لیے مندروں کو توڑا تھا۔ اس پر کٹاریا نے کہا،’ہم نے صرف مندروں کو کھسکایا تھا،توڑا نہیں تھا۔’

واضح ہوکہ گلاب چند کٹاریا بی جے پی کہ سینئر رہنما ہیں اور وسندھرا حکومت میں وزیر داخلہ تھے۔