خبریں

دہلی سے بھاگلپور جارہی ٹرین کو روک کر بدمعاشوں نے 200مسافروں کو لوٹا

تقریباً 15 بدمعاشوں نے  3 اے سی اور ایک سلیپر کوچ کو نشانہ بنایا۔لوٹ پاٹ کے دوران بدمعاشوں نے مسافروں کے ساتھ مارپیٹ بھی کی ۔

علامتی فوٹو: رائٹرس

علامتی فوٹو: رائٹرس

نئی دہلی: بہار میں تقریباً 200 ریل مسافروں سے لوٹ پاٹ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ این ڈی ٹی وی کی  رپورٹ کے مطابق ،چہرے پر ماسک لگاکر درجن بھر سے زیادہ بدمعاشوں نے بدھ کی رات ٹرین میں لوٹ پاٹ کی ۔کیول اور جمال پور اسٹیشن کے بیچ دھنوری اسٹیشن (لکھی سرائے)کے پاس ایک گھنٹے سے زیادہ ٹرین روک کر لوٹ پاٹ کی گئی ۔ بدمعاشوں نے بندوق کے زور پر مسافروں کے قیمتی سامان لوٹ لیے۔

رپورٹ کے مطابق، بدھ کی رات دھنوری اسٹیشن کے پاس نئی دہلی سے بھاگلپور جارہی ٹرین نمبر 12350میں تقریباً ساڑھے 9 بجے ایک گھنٹے تک لوٹ پاٹ کی گئی ۔ بتایا جارہا ہے کہ تقریباً 15 بدمعاشوں نے  3 اے سی اور ایک سلیپر کوچ کو نشانہ بنایا۔لوٹ پاٹ کے دوران بدمعاشوں نے مسافروں کے ساتھ مارپیٹ بھی کی ۔

رپورٹ کے مطابق، بدمعاشوں نے مسافروں کے موبائل ، لیپ ٹاپ ،زیور اور نقدی چھین لیے ۔ اس معاملے میں جمال پور میں ایک ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔ ابھی تک ایک بھی بدمعاش پولیس کی گرفت میں نہیں آیا ہے۔

دریں اثنا خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے جانکاری دی ہے کہ ریلوے نے جمعرات کو یہ بتایا کہ مسلح افراد نے مغربی بنگال کےنکسل متاثرہ مالدہ ڈویژن میں مسافروں کے بیش قیمتی سامان اور تقریباً 3 لاکھ روپے کی ڈکیتی کی ۔اس معاملے میں 10 مسافرو ں کی شکایت پر جی آر پی جمال پور میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق، بدمعاشوں کے پاس دیسی اسلحے تھے ۔ حالاں کہ فائرنگ کی کوئی جانکاری نہیں ہے۔ریلوے نے کہا کہ کسی مسافر نے شدید طو رپر زخمی ہونے کی اطلاع نہیں دی ہے۔

 خبررساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق، تقریباً 25 لاکھ کی ڈکیٹی  ہوئی ہےجس میں موبائل، اور زیور بھی شامل ہیں۔

(خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کے ان پٹ کے ساتھ)