خبریں

مہاراشٹر: چوری کی شکایت کے بعد ملزمین  نے بزرگ کو پیٹ پیٹ کر مار ڈالا

یہ معاملہ مہاراشٹر کے پال گھر ضلع کے وسئی علاقے کا ہے۔ پولیس نے اب تک 8 لوگوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

Vasai-e1547291400804

نئی دہلی: مہاراشٹر کے پال گھرضلع کے وسئی علاقے میں 9 لوگوں نے 70 سالہ ایک بزرگ کا مبینہ طور پر پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔ ان لوگوں کے خلاف بزرگ نے چوری کی شکایت درج کرائی تھی۔ پولیس نے سنیچر کو یہ جانکاری دی۔ ضلع گاؤں پولیس کے افسر نے بتایا کہ  پولیس نے اب تک 8 لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ واقعہ جمعہ کی شام وسئی کے رن گاؤں علاقے کا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ حملے کے بعد متاثر رام چندر راؤت کو مقامی اسپتال لے جایا گیا،جہاں ان کی موت کا اعلان کر دیا گیا۔ پال گھر ضلع گاؤں پولیس کے ترجمان ہیمنت کمار کاتکر نے بتایا،’ ملزم جمعہ کی شام راؤت کے گھر آئے اور ان سے سوال کیا کہ انھوں نے ان میں سے کچھ کے خلاف کبوتر چوری کی شکایت کیوں درج کرائی۔

ان میں سے ایک شخص نے مبینہ طور پر راؤت کا گلا گھونٹا اور دوسروں نے لات گھونسے سے ان کی پٹائی کی ۔ ‘انھوں نے بتایا کہ راؤت نے ان سبھی کے خلاف جمعہ کی صبح پولیس میں شکایت درج کرائی تھی۔ اس واقعے کے بعد راؤت کے ایک رشتہ دار نے وسئی پولیس تھانے میں ملزمین کے خلاف شکایت درج کرائی۔

پولیس نے بتایا کہ آئی پی سی کی متعلقہ دفعات کے تحت معاملہ درج کیا گیاہے۔ افسر نے بتایا ،’ پولیس نے اب تک 8 ملزموں کو گرفتار کیا ہے اور آگے کی جانچ جاری ہے۔ ‘

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)