خبریں

کانگریس اقتدار میں آئے‌ گی تبھی رام مندر بنے‌گا: ہریش راوت

کانگریسی رہنما ہریش راوت نے کہا کہ بی جے پی بےایمان لوگوں کی پارٹی ہے، جن کو نہ تو پالیسیوں کی پرواہ ہے اور نہ ہی مریادہ کی، وہ مریادہ پرشوتم رام کے بھکت کیسے ہو سکتے ہیں۔

کانگریسی رہنما ہریش راوت(فوٹو : پی ٹی آئی)

کانگریسی رہنما ہریش راوت(فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: اتراکھنڈ میں کانگریس کے سینئر رہنما ہریش راوت نے کہا کہ بی جے پی ایک ایسی پارٹی ہے جس کے پاس کوئی پالیسی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایودھیا میں رام مندر تبھی بن پائے‌گا جب ان کی پارٹی مرکز میں اقتدار میں آئے‌گی۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کے جنرل سکریٹری نے کہا، ‘ بی جے پی بےایمان لوگوں کی پارٹی ہے، جن کو نہ تو پالیسیوں کی پرواہ ہے اور نہ مریادہ کی، وہ مریادہ پرشوتم رام کے بھکت کیسے ہو سکتے ہیں۔ ‘

رشی کیش میں راوت نے صحافیوں سے کہا، ‘ ہم لوگ پالیسیوں اور آئین میں عقیدہ رکھتے ہیں۔ ایودھیا میں رام مندر تبھی بن پائے‌گا جب کانگریس (مرکز میں) اقتدار میں آئے‌گی۔ یہ پکی بات ہے۔ ‘ بی جے پی پر کرناٹک میں حکومت گرانے کی کوشش کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا، ‘ بی جے پی کسی بھی قیمت پر، دولت اور طاقت کا استعمال کر کے اور ای ڈی، سی بی آئی، انکم ٹیکس جیسی ایجنسیوں کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کرکے مخالف پارٹیوں کو اقتدار سے ہٹانا چاہتی ہے۔ ‘

راوت نے اعتماد جتایا کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں کرناٹک میں حکمراں کانگریس-جے ڈی (ایس) اتحاد سبھی  27 سیٹوں پر جیت حاصل کرے‌گی۔ انہوں نے کہا، ‘ بی جے پی کرناٹک میں جو کھیل، کھیل رہی ہے، اس کی قیمت اس کو لوک سبھا انتخابات میں چکانی پڑے‌گی، جب عوام تمام 27 سیٹوں پر کانگریس-جے ڈی (ایس) اتحاد کو جتاکر ان کو منہ توڑ جواب دے‌گی۔ ‘

ہندوستان ٹائمس کی رپورٹ کے مطابق، راوت کے اس بیان کا ان کی ہی پارٹی کے رہنما اور اتراکھنڈ اسمبلی میں حزب مخالف کے رہنما اندرا ہردیئش نے سخت  تنقید کی۔ انہوں نے کہا، ‘ اگر ایسا ہے تو کانگریس کو اپنے 10 سالوں کی حکومت میں رام مندر بنانا چاہیے تھا۔ ‘ ہردیئش نے کہا، ‘ مسلمانوں کے ساتھ سبھی لوگ رام مندر تعمیر کی حمایت میں ہیں۔ لیکن کسی کو بھی ایسا دعویٰ نہیں کرنا چاہیے کیونکہ ہم اقتدار میں نہیں ہیں۔ ‘

وہیں اپنے بیان پر صفائی دیتے ہوئے راوت نے کہا، ‘ میں نے کہا تھا کہ اگر کانگریس اقتدار میں آتی ہے تو رام مندر کی تعمیر کو لےکر ملک میں ایک ماحول بنایا جائے‌گا۔ ‘ راوت کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے اتراکھنڈ ریاست کے  بی جے پی صدر اجئے بھٹ نے کہا کہ کانگریس کے ذریعے رام مندر کی تعمیر کا دعویٰ کرنا لوگوں کو گمراہ کرنے کی ایک چال ہے۔ انہوں نے کہا، ‘ ان کا دعویٰ جھوٹا ہے کیونکہ رام مندر کی تعمیر میں سب سے بڑی رکاوٹ خود کانگریس پارٹی ہے۔ ‘

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)