خبریں

دہلی حکومت کے محکموں میں ہزاروں عہدے خالی، لیکن ہمیں بحالی کرنے کا اختیار نہیں: گوپال رائے

دہلی حکومت میں لیبر اینڈ امپلائمنٹ منسٹر گوپال رائے نے کہا کہ اگر ریاستی حکومت کو سروس معاملے سے متعلق اختیارات دیے جاتے ہیں تو دہلی حکومت کے مختلف محکموں میں خالی عہدوں پر فوراً بحالیاں کی جائیں گی۔

فوٹو: اے این آئی

فوٹو: اے این آئی

نئی دہلی: دہلی کی عام آدمی پارٹی حکومت کے وزیر گوپال رائے نے سوموار کو کہا کہ دہلی حکومت کے مختلف محکموں میں خالی پڑے ہزاروں عہدوں کو تبھی بھرا جا سکتا ہے جب سروس معاملوں سے جڑے اختیارات ریاستی حکومت کو دے دیے جائیں۔ دہلی حکومت کے روزگار محکمہ کے ذریعہ منعقد ایک روزگار میلے کے افتتاح کے موقعہ پر وزیر نے کہا کہ اس دو روزہ روزگار میلے میں 13 ہزار سے زیادہ نوجوانوں کو روزگار دیا جائے گا۔ جس میں 76 نجی کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں۔

تیاگ راج اسٹیڈیم میں منعقد روزگار میلے میں لیبر اینڈ امپلائمنٹ منسٹر گوپال رائےنے کہا،’ دہلی حکومت کے مختلف محکموں میں ہزاروں عہدے خالی پڑے ہیں لیکن سروس معاملوں میں اختیارات کی کمی کی وجہ سے محکمہ ان کو بھرنے میں اہل نہیں ہے۔’ انھوں نے کہا کہ سروس معاملوں سے جڑے اختیارات ایل جی کے پاس ہیں یا دہلی حکومت کے پاس یہ معاملہ کورٹ کے سامنے زیر سماعت ہے۔

وزیر نے کہا ،’ اگر ریاستی حکومت کو سروس معاملے سے متعلق اختیارات دیے جاتے ہیں تو دہلی حکومت کے مختلف محکموں میں خالی عہدوں پر فوراً بھرتیاں کر لی جائیں گی۔’دہلی حکومت کے ایک افسر نے کہا کہ روزگار میلے میں جن 13 ہزار تقرریوں کا انتظام کیا گیا ہے ان میں سے 11 ہزار فریشرس کے لیے ہیں ۔ وہیں ان میں 335 تقرری خواتین کے لیے ریزرو ہیں۔

دسمبر 2015 میں پہلی بار روز گار میلہ منعقد کیا گیا تھا۔ دہلی حکومت کے ذریعے منعقد اس چوتھے روزگار میلے میں 30 ہزار سے 40 ہزار نوجوانوں کے شامل ہونے کی امید ہے۔ رائے نے کہا کہ مستقبل مین روزگار میلے اور زیادہ بار منعقد کیے جائیں گے تاکہ بے روزگار نوجوانوں کے مستقل طور پر روزگار کے مواقع مل سکیں۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)