خبریں

چٹ فنڈ معاملہ: ای ڈی نے ترنمول کانگریس کے ایم پی کی 238 کروڑ روپے کی مالیت ضبط کی

مغربی بنگال کی حکمراں پارٹی ترنمول کانگریس کے راجیہ سبھا ممبر کے خلاف یہ کارروائی تقریباً 1916 کروڑ روپے کے چٹ فنڈ گھوٹالے سے متعلق ہے۔

کے ڈی سنگھ، فوٹو: پی ٹی آئی

کے ڈی سنگھ، فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: ای ڈی (Enforcement Directorate)نے سوموار کو مغربی بنگال کی حکمراں پارٹی ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی )کے راجیہ سبھا ممبر کے ڈی سنگھ کی تقریباً 238 کروڑ روپے کی جائیداد ضبط کی ہے۔ضبط کی گئی جائیداد میں کفری واقع ایک ریزارٹ،چنڈی گڑھ واقع شو روم ،پنچکولہ اور ہریانہ واقع جائیداد ،ایچ ڈی ایف سی اور پی این بی  بینک اکاؤنٹ شامل ہیں۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی  کے مطابق، کے ڈی سنگھ کے خلاف یہ کارروائی تقریباً 1916 کروڑ روپے کے چٹ فنڈ گھوٹالے سے متعلق ہے۔ ای ڈی نے کے ڈی سنگھ اور ان کی فرم ال کیمسٹ انفرا ریئلٹی لمٹیڈ کے خلاف ستمبر 2016 میں مجرمانہ معاملہ درج کیا تھا۔شیئر بازار ریگولیٹری سے بی (سیکورٹی اینڈ ایکسچنج  بورڈ آف انڈیا) کی چارج شیٹ کی  بنیاد پر پی ایم ایل اے (پری ونشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ) کے تحت یہ معاملہ درج کیا گیا تھا۔ سے بی نے کے ڈی سنگھ کی کمپنی اور اس کے ڈائریکٹروں کے خلاف چارج شیٹ دائر کیا تھا۔

سے بی نےاس میں الزام لگایا تھا کہ کمپنی غیر قانونی طور پر چلائی گئی چٹ فنڈ اسکیموں کے ذریعے 2015 سے عوام سے 1916کروڑ روپے وصول کر چکی ہے۔ اس کمپنی نے سے بی کی اجازت کے بغیر ہی یہ چٹ فنڈ اسکیم شروع کی تھی ۔ اس لیے اس کو سرمایہ کاروں سے دھوکہ دھڑی کا ملزم مانا گیا ۔ اس چارج شیٹ کے بعد کمپنی نے سے بی کو بتایا کہ اس نے عوام سے وصول کیے گئے پیسے میں سے 1077کروڑ روپے لوٹا دیے تھے ۔ تھوڑا وقت اور دیا جائے تو باقی پیسے بھی لوٹا دیے جائیں گے ۔ لیکن سے بی یہ درخواست اور دلیل نہیں مانی تھی ۔

الزام ہے کہ کمپنی نے جس مقصد سے لوگوں کے پیسے لیے تھے اس کا استعمال نہیں کیاگیا۔کمپنی نے اس پیسے کو دوسری کمپنیوں کو بھیجا اور زمینیں خریدیں۔ قابل ذکر ہے کہ کے ڈی سنگھ ہاکی ایسوسی ایشن آف انڈیا اور ہریانہ کے صدر بھی ہیں ۔ ان کا سیاسی کیریئر ہمیشہ تنازعے میں رہا ہے۔