خبریں

سپریم کورٹ نے سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کے بیٹے کارتی چدمبرم کو دی نصیحت کہا ؛ قانون سے نہ کھیلیں

غور طلب ہے کہ آئی این ایکس میڈیا معاملے میں سی بی آئی کے ریڈ کارنر نوٹس کی وجہ سے کارتی چدمبرم کو ہر بار ملک سے باہر جانے سے پہلے سپریم کورٹ سے اجازت لینی پڑتی ہے۔

فوٹو: اے این آئی

فوٹو: اے این آئی

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کے بیٹے کارتی چدمبرم  کوای ڈی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت دی ہے۔قابل ذکر  ہے کہ پانچ ،چھے، سات اور 12 مارچ کو کارتی چدمبرم کو ایئر سیل- میکسس کیس ڈیل  اور آئی این ایکس میڈیا کیس میں ای ڈی کے سامنے حاضر ہونے کو کہا ہے۔اس کے ساتھ ہی عدالت نے کارتی کو ملک سے باہر جانے کے لیے کورٹ  میں 10کروڑ روپے جمع کرانے کو کہا ہے۔ این بی ٹی کی خبر کے مطابق ،سپریم کورٹ نے کارتی کو پھٹکار لگاتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے جانچ میں مدد نہیں کی تو ان کے ساتھ سختی کی جائے گی ۔ عدالت نے کہا ،چاہے جو بھی کریں ، لیکن قانون سے کھیلنے کی کوشش نہ کریں ۔

ٹینس کھیلنے کے لیے کارتی چدمبرم کے ملک سے باہر جانے کی عرضی پر شنوائی کرتے ہوئے کورٹ نے ان کو 10 کروڑ روپے جمع کرانے کو کہا ہے۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس رنجن گگوئی نے کہا کہ آپ جہاں جانا چاہیں جاسکتے ہیں ، جو کرنا چاہیں کر سکتے ہیں ،لیکن قانون سے کھیلنے کی کوشش نہ کریں۔عدالت نے مزید کہا کہ اگر آپ نے جانچ میں مدد نہیں کی تو ہمیں سختی برتنی ہوگی ۔

سوموار کو کارتی نے ملک سے باہر جانے کی اجازت مانگی تھی ۔ اس کے بعد ای ڈی نے سپریم کورٹ میں حلف نامہ داخل کر کے عرضی کی مخالفت کی تھی ۔ ای ڈی نے کورٹ میں کہا کہ ، کارتی جانچ میں مدد نہیں کر رہے ہیں ایسے میں اگر وہ ملک سے باہر جاتے ہیں تو جانچ میں اور تاخیر ہو سکتی ہے۔واضح ہو کہ اس سے پہلے چیف جسٹس رنجن گگوئی نے کہا تھاکہ اگر کارتی جانچ سے بچنے کی کوشش کرتے ہیں اور ٹینس کے ملک سے باہر جانا چاہتے تو اجازت نہیں ملے گی ۔ اس کے بعد عدالت نے ای ڈی سے کہا کہ وہ عدالت کو تاریخ بتادیں کہ کس دن پوچھ تاچھ کے لیے کارتی کی ضرورت ہے ۔ کورٹ یہ یقینی بنائے گا کہ کارتی جانچ میں مدد کریں اور ملک سے باہر بھی جاسکیں ۔

 غور طلب ہے کہ آئی این ایکس میڈیا معاملے میں سی بی آئی کے ریڈ کارنر نوٹس کی وجہ سے کارتی کو ہر بار ملک سے باہر جانے سے پہلے سپریم کورٹ سے اجازت لینی پڑتی ہے۔این ڈی ٹی وی کی ایک خبر کے مطابق، سپریم کورٹ میں داخل کیے گئے اپنے حلف نامے میں ای ڈی نے کہا تھا کہ کارتی 6 مہینے میں 51 دن ملک سے باہر رہے ۔ وہ اپنی آزادی کا غلط استعمال کر رہے ہیں ۔ آئی این ایکس  اور ایئر سیل- میکسس کیس ڈیل  معاملے میں جانچ پوری کرنے کے لیے کارتی سے پوچھ تاچھ کی ضرورت ہے ۔