خبریں

دہلی این سی آر سمیت ملک بھر میں سوائن فلو کا قہر جاری

این سی ڈی سی کے ڈیٹا کے مطابق ، اب تک ملک بھر میں 4571 سوائن فلو کے متاثرین پائے گئے ہیں ۔صرف راجستھان میں سب سے زیادہ 40 فیصدی معاملے درج کیے گئے ہیں ۔ راجستھان میں ہی سب سے زیادہ 72 لوگوں کی موت ہوئی ہے ،اس کے بعد پنجاب میں 26، گجرات میں 20 ،مہاراشٹر میں 12 اور دہلی میں 8 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔

علامتی فوٹو: رائٹرس

علامتی فوٹو: رائٹرس

نئی دہلی : دہلی –این سی آر سمیت ملک کی کئی ریاستوں میں سوائن فلو جان لیوا ثابت ہورہا ہے ۔ این بی ٹی کی ایک خبر کے مطابق، دہلی میں سوائن فلو کی وجہ سے سوموار تک 8 لوگوں کی موت ہو چکی ہے جبکہ 15 نئے معاملے سامنے آئے ہیں ۔ نیشنل سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول (این سی ڈی سی ) کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ راجستھان، گجرات ، پنجاب اور مہاراشٹر میں سوائن فلو کا سب سے زیادہ اثر ہے۔

دہلی واقع رام منوہر لوہیا ہاسپٹل نے این بی ٹی کو بتایا کہ سوائن فلو کی وجہ سے دہلی میں 8 لوگوں کی موت ہوچکی ہے ۔ خبر کے مطابق دہلی میں سوائن فلو کے تقریباً 500 معاملے سامنے آچکے ہیں ۔ ایمس ، لوک نایک ، اپولو، میکس اور فورٹیس جیسے ہاسپٹل کے ڈاکٹروں کے مطابق گزشتہ کچھ ہفتوں میں سوائن فلو کے مشکوک اور متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے ۔

دریں اثنا این سی ڈی سی کے ڈیٹا کے مطابق ، اب تک ملک بھر میں 4571 سوائن فلو کے متاثرین پائے گئے ہیں ۔ صرف راجستھان میں سب سے زیادہ 40 فیصدی معاملے درج کیے گئے ہیں ۔ راجستھان میں ہی سب سے زیادہ 72 لوگوں کی موت ہوئی ہے ، اس کے بعد پنجاب میں 26، گجرات میں 20 ،مہاراشٹر میں 12 اور دہلی میں 8 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔

سوائن فلو کے بڑھتے اعداد و شمار کو دیکھتے ہوئے وزیر صحت جے پی نڈا نے ریاستوں کے ساتھ میٹنگ کی تھی اور ان سے اس بیماری کے شروعاتی اسٹیج کی پہچان کے بارے میں باتیں کی تھیں ۔ ریاستی ہاسپٹل میں بیڈ ریزرو رکھنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ دہلی حکومت نے سوائن فلو کے معاملوں کو دیکھتے ہوئے ایڈوائزری جاری کی ہے۔