خبریں

بی ایس پی سپریمو مایا وتی سے جڑے 7 ٹھکانوں پر ای ڈی کا چھاپہ

بی ایس پی سپریمو اوراتر پردیش کی  سابق وزیر اعلیٰ مایاوتی  پر وزیر اعلیٰ رہتے ہوئے 114 کروڑ روپے کے گھوٹالے کا الزام ہے۔

فوٹو: رائٹرس

فوٹو: رائٹرس

نئی دہلی : ای ڈی (Enforcement Directorate)نے جمعرات کو بہوجن سماج پارٹی کی سپریمو مایاوتی سے جڑے 7 ٹھکانوں پر چھاپہ  ماری کی ہے۔ میڈیا رپورٹس  کے مطابق اس کارروائی کے بعد مایاوتی سے پوچھ تاچھ بھی کی جا سکتی ہے۔

اے بی پی نیوز کے مطابق، مایاوتی پر اتر پردیش میں وزیر اعلیٰ رہتے ہوئے 114کروڑ روپے کے گھوٹالے کا الزام ہے ۔ الزام ہے کہ انہوں نے اپنی مدت کار میں صوبے میں کئی جگہوں پر بی ایس پی کے انتخابی نشان ‘ہاتھی ‘ کے ساتھ ساتھ پارٹی کے بانی کانشی رام اور اپنا مجسمہ نصب کروایا جس میں 1400 کروڑ روپے خرچ ہوئے تھے ۔ عوام کے پیسے سے یہ مجسمہ نصب کروانے کی وجہ سے اس وقت مایاوتی کو کافی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق یہ گھوٹالہ بھی اسی کام کے دورا ن ہوا تھا۔

رپورٹ کے مطابق مایاوتی کے علاوہ سماجوادی پارٹی کے سپریمو اکھلیش یادو بھی اس وقت مرکزی ایجنسیوں کے نشانے پر ہیں ۔ ابھی حال میں سی بی آئی نے اتر پردیش میں غیر قانونی کان کنی کے الزام میں 4 لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے بعد جانچ شروع کی ہے۔ ان میں اکھلیش یادو کا نام بھی شامل ہے۔ حالاں کہ ای ڈی  اور سی بی آئی جیسی مرکزی جانچ ایجنسیوں کی کارروائی کو سیاست سے متاثر بھی بتایا جارہا ہے ۔ مانا جارہا ہے کہ اتر پردیش میں ایس پی –بی ایس پی اتحاد کی وجہ سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی ) کو پریشانی ہوسکتی ہے۔

این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق، 2013 میں لوک آیکت نے جانچ کرکے رپور ٹ دی تھی کہ  یہ 14 ارب سے زیادہ کا گھوٹالہ ہے ۔ کمیشن اور رشوت خوری میں 14105063200روپے کی رقم خرچ ہونے کی بات سامنے آئی ۔ ای ڈی اس معاملے میں منی لانڈرنگ کے پہلوؤں کی جانچ کر رہی ہے ۔ای ڈی افسر تعمیرات سے متعلق کئی فرموں اور ٹھکانوں کو کھنگال رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق میموریل میں لگے گلابی پتھر کی سپلائی مرزا پور سے ہوئی تھی جبکہ کاغذات میں راجستھان سے دکھائی گئی ۔ اس معاملے میں ایک جنوری 2014 کوگومتی نگر تھانے میں ایف آئی آر درج کرائی گئی تھی ۔ ملزموں کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 120 بی اور 409 کے تحت معاملہ درج کیا گیا تھا۔ اس گھوٹالے میں نسیم الدین صدیقی اور بابو سنگھ سمیت 19 لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج ہوئی تھی ۔دریں اثنا میموریل گھوٹالے اور کان کنی معاملے میں ایجنسیوں کی چھاپے ماری کے بعد  ایس پی –بی ایس پی کا کہنا ہے کہ بی جے پی ہمارے اتحاد سے ڈر گئی ہے۔