خبریں

مغربی بنگال: سپریم کورٹ پہنچا سی بی آئی بنام ممتا بنرجی تنازعہ، منگل کو ہوگی شنوائی

اتوار کو کولکاتہ کے پولیس کمشنر سے چٹ اینڈ فنڈ گھوٹالہ معاملے میں پوچھ تاچھ کر نے پہنچی سی بی آئی کو ریاستی پولیس نے حراست میں لیا تھا ۔ اس کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی پر ریاست میں تختہ پلٹ کر نے کی کوشش کا الزام لگاتے ہوئے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی غیر متعینہ  ہڑتا ل پر بیٹھ گئیں  ہیں۔

ممتا بنرجی، فوٹو: پی ٹی آئی

ممتا بنرجی، فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: مرکزی حکومت نے سوموار کو سپریم کورٹ میں کہا کہ وہ چٹ فنڈ گھوٹالہ معاملے میں جانچ میں تعاون کے لیےمغربی بنگال حکومت کو ہدایت جاری کرے۔ اس کے ساتھ ہی اس نے کولکاتہ پولیس کمشنر راجیو کمار کی پیشی کا مطالبہ بھی کیا۔اس درمیان مرکزی حکومت پر تختہ پلٹ کی کوشش کا الزام لگاتے ہوئے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی غیر معینہ ہڑتال پر بیٹھ گئی ہیں۔

سپریم کورٹ کے چیف جسٹس رنجن گگوئی اور جسٹس سنجیو کھنہ کی بنچ میں سی بی آئی کی طرف سے پیش ہوئے سالیسٹر جنرل تشار مہتہ  نے کہا کہ ہماری ٹیم کو گرفتار کیا گیا اور مبینہ طور پر حراست میں رکھا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ کولکاتہ پولیس کو فوری طور پر خود سپردگی کر دینی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ معاملے میں جانچ کے لیے سپریم کورٹ کا حکم ہے اس لیے مرکز ہتک عزت کی کارروائی بھی چاہتا ہے۔اس پر بنچ نے مہتہ سے کہا کہ اس نے سی بی آئی کی درخواست دیکھ لی ہےاور اس میں ایسا کچھ نہیں جو ان کے ثبوت کو ضائع کیے جانے کے دعوے کی تصدیق کرے ۔

اس کے جواب میں مہتہ نے کہا کہ گزشتہ شب جب اس پر درخواست تیار کی جارہی تھی تب وہ ریکارڈس ان کے پاس نہیں تھے کیوں وہ مقامی پولیس کے پا س تھے ۔ اس پر عدالت نے کہا کہ اگر ایجنسی ایسا ایک بھی ثبوت پیش کرپاتی ہےجو یہ ثابت کت دے کہ کمار شواہد کو ضائع کر سکتے ہیں وہ ان پر ایسی سخت کارروائی  کرے گہ کہ ان کو پچھتاوا ہوگا۔

مہتہ نے کہا کہ یہ غیر معمولی واقعہ ہے کہ ایڈمنسٹریشن سیاسی پارٹی کے ساتھ دھرنے پر بیٹھا ہوا ہے ۔ اس کو فوری طور پر روکا جانا چاہیے۔ مغربی بنگال میں غیر متوقع صورت حال پیدا ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے مہتہ نے سوموار دوپہر کو معاملے کی شنوائی کا وقت مانگا۔ حالاں کہ عدالت نے اس معاملے میں شنوائی کے لیے منگل کی صبح کا وقت دیا ہے۔

غور طلب ہے کہ اتوار کی شام سی بی آئی افسروں کی ایک ٹیم راجیو کمار کے سرکاری رہائش پر شاردا چٹ فنڈ معاملے میں پوچھ تاچھ کرنے پہنچی تھی۔لیکن پولیس نے سی بی آئی ٹیم کو باہر ہی روک لیا۔ اس کے بعد پولیس سی بی آئی افسروں کو تھانے لے گئی۔

کولکاتہ پولیس کا دعویٰ ہے کہ سی بی آئی بغیر کسی وارنٹ کے آئی تھی۔معاملے کی جانکاری ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی راجیو کمار کے گھر پہنچی۔ اور انہوں نے وہیں افسروں کے ساتھ میٹنگ کی۔ اس کے بعد انہوں نے میڈیا سے بات کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ریاستی پولیس پر مرکزی حکومت کا حملہ ہے۔ انہوں نے اس کو ملک کے وفاقی ڈھانچے پر بھی حملہ بتایا۔ممتا بنرجی نے رات کو ہی کولکاتہ دھرم تلہ میں دھرنا شروع کر دیا۔ ترنمول کانگریس کے رہنما بڑی تعداد میں یہاں پہنچےہیں ۔ کہا جارہا ہے کہ اب کابینہ کی میٹنگ بھی یہیں ہوگی۔کولکاتہ پولیس کمشنر راجیو کمار اور دوسرے پولیس افسران بھی سادہ کپڑوں میں یہیں موجود ہیں۔ کولکاتہ میں سی بی آئی ہیڈ کوارٹر کی ذمہ داری سی آر پی ایف نے سنبھال لی ہے۔

سی بی آئی کے عبوری ڈائریکٹر ایم ناگیشور راؤ کا کہنا ہے کہ راجیو کمار جانچ میں تعاون نہیں کر رہے تھے۔ بتایا جارہا ہے کہ ان کو کئی سمن بھیجے گئے لیکن وہ جانچ ایجنسی کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔دریں اثناممتا بنر جی نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے اشارے پر National Security Advisor اجیت ڈوبھال نے سیاسی مخالفوں کو پریشان کرنے کی ہدایت دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ، مجھے ایسے وزیر اعظم سے بات کرنے میں شرم محسوس ہوتی ہے جن کے ہاتھوں میں خون لگا ہے۔

واضح  ہو کہ مغربی بنگال میں کچھ سال پہلے چٹ فنڈ گھوٹالہ ہوا تھا، جس میں ترنمول کانگریس کے کئی رہنماؤں کے نام آئے تھے۔ترنمول کے ذرائع نے بتایا کہ ممتا بنرجی آگے بھی بی جے پی کی ایمانداری اور شفافیت پر سوال اٹھاتی رہیں‌گی۔  وہ بی جے پی کے بدعنوانی سے آزاد ہونے کے ‘ مکھوٹا ‘ کو اتار‌کر بی جے پی کے بھروسے کے کھیل کو اجاگر کرنے کی کوشش کرتی رہیں‌گی۔