خبریں

ممتا بنرجی کا الزام، بی جے پی رہنما ہمنتا بسوا شرما نے شاردا گروپ کے مالک سے لئے 3 کروڑ روپے

منگل کو مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے جیل میں بند شاردا گروپ کے مالک سدیپت سین کا ایک خط شیئر کیا۔ 6 اپریل2013 کے اس خط میں سین نے سی بی آئی کی اینٹی کرپشن برانچ کو خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمنتا بسوا شرما نے ان سے تین کروڑ روپے ٹھگے ہیں۔

ہمنتا بسوا شرما(فوٹو : پی ٹی آئی)

ہمنتا بسوا شرما(فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: مغربی بنگال کی حکومت اور سی بی آئی کے درمیان چٹ فنڈ گھوٹالہ میں چل رہے تنازعے کے درمیان مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے بی جے پی رہنما ہمنتا بسوا شرما پر شاردا گروپ کے مالک سدیپت سین سے تین کروڑ روپے لینے کا الزام لگایا ہے۔اس بارے میں منگل کو کولکاتا میں اپنے دھرنا منچ سے ممتا بنرجی نے سین کے 2013 کے اس خط کو جاری کیا، جس میں سین نے الزام لگایا تھا کہ بی جے پی رہنما ہمنتا بسوا شرما نے ان سے تین کروڑ روپے ٹھگے تھے۔

انڈین ایکسپریس کی ایک خبر کے مطابق، ممتا بنرجی نے الزام لگایا کہ سی بی آئی وزیر اعظم نریندر مودی کے اشارے پر کام کر رہی ہے۔ ممتا نے کہا، سی بی آئی چنندہ اپوزیشن رہنماؤں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ بی جے پی میں شامل ہونے والے محفوظ ہیں جبکہ اپنی آواز اٹھانے والوں کو قصوروار ٹھہرایا جا رہا ہے۔ ملک کے اداروں کو بچانے کی فوری   ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ سی بی آئی ان بی جے پی رہنماؤں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کر رہی ہے، جنہوں نے چٹ فنڈ کمپنیوں سے پیسہ لیا تھا؟ آج میں آپ کے ساتھ ایک دستاویز شیئر کر رہی ہوں۔ کسی نے یہ دستاویز ہماری پارٹی دفتر میں جمع کیا تھا۔

ممتا کے ذریعے شیئر  کئے گئے خط کے مطابق، کولکاتا میں سی بی آئی کی اینٹی کرپشن برانچ  کو خطاب کرتے ہوئے 6 اپریل، 2013 کے خط میں سین نے کہا، ایک دیگر اعلیٰ-سطح کے آدمی نے مجھے دھوکہ دیا ہے۔ وہ ہمنتا بسوا شرما ہیں۔ پچھلے دو سالوں کے دوران انہوں نے ہم سے تقریباً تین کروڑ روپے کی نقدی کے ساتھ کچھ واؤچرس بھی لئے ہیں۔ بنگال حلقے کے لین داروں کو ادائیگی کے لئے یہ رقم بھی کمپنی کو لوٹائی جانی چاہیے کیونکہ یہ رقم ہمیشہ کلکتہ دفتر سے دی گئی ہے۔

سین نے شرما پر 20 لاکھ روپے ہر مہینہ لینے کا الزام لگایا تھا تاکہ سین کو آسام میں کاروبار چلانے میں مدد مل سکے۔ شرما کے گھر اور گوہاٹی میں ان کی بیوی کی ملکیت والے ایک نیوز چینل کے چھاپے کے مہینوں بعد نومبر 2014 میں سی بی آئی کے ذریعے ان سے پوچھ تاچھ کی گئی تھی۔ حالانکہ، کسی بھی چارج شیٹ میں ان کا نام نہیں ہے۔ممتا کے الزامات کے بعد شرما نے رد عمل دیتے ہوئے کہا،ممتا دیدی کے ذریعے میرے خلاف لگایا گیا بےبنیاد الزام بہت تکلیف دہ ہے۔ میں آپ کے پولیس کمشنر کی طرح خوش قسمت نہیں ہوں۔ میں تفتیش میں شامل ہوا اور ایک گواہ کے طور پر اپنا پورا تعاون دینے کی پیشکش کی۔ یہ سب میرے بی جے پی میں شامل ہونے سے بہت پہلے ہوا ہے۔

شرما نے کہا،یہ بہت تکلیف دہ ہے کہ ممتا بنرجی، جن کی میں عزت کرتا ہوں، وہ مجھ پر حقائق  اور حالات کی تصدیق کئے بغیر الزام لگا رہی ہیں۔واضح  کہ مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی مرکزی حکومت پر یہ الزام لگاتے ہوئے دھرنے پر بیٹھ گئی تھیں  کہ وہ حزب مخالف پارٹیوں کو پریشان کرنے کے لئے سی بی آئی کا غلط استعمال کر رہی ہے۔گزشتہ تین فروری کی شام کو کولکاتا میں  اس وقت ڈرامائی واقعہ رونما  ہوا جب سی بی آئی کے 40 افسروں کی ایک ٹیم چٹ فنڈ گھوٹالہ معاملے میں شواہد  کوضائع کرنے کے الزام میں شہر کے پولیس کمشنر راجیو کمار کے کردار کی تفتیش کے لئے پہنچی تھی۔

اس کے جواب میں کولکاتا پولیس نے پانچ سی بی آئی افسروں کو یہ جاننے کے لئے حراست میں لے لیا کہ ان کے پاس پولیس کمشنر سے پوچھ تاچھ کرنے کے لئے ضروری منظوری ہے یا نہیں۔واضح  ہو کہ سپریم کورٹ نے کولکاتا پولیس کمشنر راجیو کمار کی گرفتاری سمیت ان کے خلاف کوئی بھی قدم اٹھانے سے سی بی آئی پر روک لگا دی۔ حالانکہ عدالت نے راجیو کمار کو حکم دیا کہ وہ شاردا چٹ فنڈ گھوٹالہ معاملے میں تفتیش کے لئے سی بی آئی کے سامنے پیش ہوں۔وزیراعلیٰ ممتا نے اس کو اخلاقی جیت بتاتے ہوئے منگل کی شام کو اپنا دھرنا ختم کر دیا۔