خبریں

یوگی حکومت نے سبھی محکمہ جات میں ہڑتال پر 6 مہینے کی روک لگائی

6 فروری کو کچھ سرکاری ادارے پرانی پنشن اسکیم نافذ کرنے کی مانگ کو لے کر ہڑتال کرنے والے تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اسی وجہ سے یوگی حکومت نے یہ قدم اٹھایا ہے۔

یوگی آدتیہ ناتھ/ فوٹو: پی ٹی آئی

یوگی آدتیہ ناتھ/ فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: اتر پردیش کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے ریاست میں Essential Services Maintenance Act(ای ایس ایم اے)نافذ کرتے ہوئے سبھی محکمہ جات اور کارپوریشنس میں ہڑتال پر اگلے 6 مہینے تک کے لیے پابندی لگا دی ہے۔چیف سکریٹری انوپ چندر پانڈے نے گزشتہ 4 فروری کی رات کو  اس سلسلے میں نوٹیفیکیشن جاری کی۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق؛ ریاست کے کام کاج سے متعلق کسی بھی لوک سیوک، ریاستی حکومت کی ملکیت یا کنٹرول والے کسی بھی کارپوریشن یا مقامی اتھارٹی میں ہڑتال پر ای ایس ایم اے1966 کی دفعہ 3 کی ذیلی دفعہ 1 کے تحت اگلے 6 مہینے تک کے لیے پابندی لگا  دی گئی  ہے۔ ای ایس ایم اے کے تحت پوسٹل سروس ، ریلوے ، ہوائی اڈوں سمیت مختلف سروسز سے جڑے اہلکار شامل ہیں۔

ای ایس ایم اے نافذ ہونے کے دوران ہونے والی ہڑتال کو غیر قانونی مانا جاتا ہے۔ ہڑتال کر کے قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی شخص کو ایک سال تک کی سزا یا جرمانہ یا پھر سزا اور جرمانہ دونوں ہو سکتے ہیں۔ ای ایس ایم اے نافذ ہونے کے بعد پولیس کو یہ حق مل جاتا ہے کہ وہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی شخص کو بغیر وارنٹ کے گرفتار کر سکتی ہے۔

نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ پابندی عوامی مفاد میں نافذ کی گئی ہے۔ یوگی حکومت نے اس کے علاوہ اتر پردیش اسٹیٹ یونیورسٹی ایکٹ 1973 کے تحت قائم کی گئی  ریاستی یونیورسٹیوں ، کالجوں اور ملحقہ کالجوں میں جون 2019 تک ہڑتال پر روک لگا دی ہے۔6 فروری کو کچھ سرکاری ادارے پرانی پنشن اسکیم نافذ کرنے کی مانگ کو لے کر ہڑتال کرنے والے تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اسی وجہ سے یوگی حکومت نے یہ قدم اٹھایا ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)