خبریں

بہار: وندے ماترم نہیں گانے پر مسلم ٹیچر کے ساتھ بدسلوکی کا الزام

 بہار کے ایجوکیشن منسٹر کے این پرساد ورما نے کہا کہ اگر اس طرح کا کوئی معاملہ ہوا ہے تو کارروائی کی جائے گی ، قومی گیت کی بے عزتی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ہنگامہ کرتے مقامی لوگ،فوٹو: اے این آئی

ہنگامہ کرتے مقامی لوگ،فوٹو: اے این آئی

نئی دہلی: بہار  کے کٹیہار ضلع میں وندے ماترم نہیں گانے کو لے کر تنازعہ ہوگیا ہے ۔ یوم جمہوریہ کے موقع پر وندے ماترم گانے سے انکار کرنے کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا  پر وائرل ہونے کے بعد مقامی لوگوں نے اس مسلم ٹیچر پر حملہ کر دیا۔ہندوستان ٹائمس کی رپورٹ کے مطابق، معاملہ کچھ یوں ہے کہ کٹیہارضلع میں واقع ایک پرائمری اسکول کے ٹیچر افضل حسین نے 26 جنوری کو وندے ماترم گانے سے انکار کردیا تھا ۔ اس کے بعد اس معاملے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا۔

اس سے مقامی لوگوں میں افضل کے خلاف غصہ بھڑک اٹھا ۔ اسکول پہنچ کر انہوں نے ٹیچر کے ساتھ ہاتھا پائی کی اور جم کر ہنگامہ کیا ۔ اس معاملے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔


یہ بھی پڑھیں : آخر وندے ماترم کہنے میں کیا حرج ہے؟


خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق، ٹیچر افضل حسین کا کہنا ہے کہ اس نے وندے ماترم نہیں گایا ،کیوں کہ یہ ان کے مذہبی عقیدے کے خلاف ہے۔

انہوں نے کہا ، ہم اللہ کی عبادت کرتے ہیں اور وندے ماترم کا مطلب ہوتا ہے بھارت کی وندنا ، جو ہمارے عقیدے کے خلاف ہے۔  آئین نہیں کہتا کہ وندے ماترم گانا لازمی ہے۔کٹیہار کے ضلع ایجوکیشن افسر دنیش چندر دیو کا کہنا ہے کہ ان کو اس معاملے میں ابھی تک کوئی شکایت نہیں ملی ہے ۔ حالاں کہ انہوں نے کہا کہ اگر ان کو کوئی شکایت ملتی ہے تو ضرور معاملے کی جانچ کریں گے ۔وہیں بہار کے ایجوکیشن منسٹر کے این پرساد ورما نے کہا کہ اگر اس طرح کا کوئی معاملہ ہوا ہے تو کارروائی کی جائے گی ،قومی گیت کی بے عزتی برداشت نہیں کی جائے گی۔