خبریں

بہار: باپ کے سامنے بیٹی سے گینگ ریپ کا 6 لوگوں پر الزام

گاؤں والوں نے متاثرہ اور اس کے باپ کو پنچایت کے ذریعے معاملے کو نپٹانے کے لیے کہا۔ لیکن معاملہ درج ہونے کے بعد لڑکی کو میڈیکل جانچ کے لیے اسپتال لے جایا گیا۔

علامتی تصویر

علامتی تصویر

نئی دہلی: بہار کے کشن گنج میں باپ  کو قید کرکے اسی کے سامنے اس کی بیٹی سے گینگ ریپ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ کشن گنج ضلع کے کودھوبڑی تھانہ حلقہ میں سوموار دیر رات ایک شخص کو قیدی  بنا کر اس کی 16 سالہ بیٹی کے ساتھ 6 لوگوں نے مبینہ طور پر  گینگ ریپ کیا۔متاثرہ کے باپ نے بتایا کہ دیر رات  پانی کے بہانے ان کے گھر کا گیٹ کھلوایا گیا تھا۔ اس کے بعد انھیں قیدی  بنا کر گاؤں کے باہر لے جایا گیا۔

این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق؛ گاؤں سے باہر لے جاکر ملزمین نے پہلے باپ  کی پٹائی کی اور اس کے بعد اس کو رسی سے باندھ دیا۔ ملزمین نے  باپ کے سامنے ہی اس کی بیٹی کے ساتھ گینگ ریپ کیا۔ متاثر ہ فیملی حال ہی میں اس گاؤں میں آکر بسی تھی۔ متاثرہ نے بدھ کو تھانے پہنچ کر معاملہ درج کروایا۔ بتایا جا رہا ہے کہ ملزمین نے متاثرہ کو دھمکی دی تھی کہ اگر انھوں نے پولیس میں اس کی شکایت درج کرائی تو ان کو جان سے مار دیا جائے گا۔

متاثرہ کے باپ نے بتایا کہ سبھی ملزم گاؤں کے ہی رہنے والے تھے۔ ان میں فیض عالم ، عبدالمنان، کالو، قاسم، تکثیراور انصار شامل ہیں۔ ان میں دو نوجوان مستری کا کام کرتے ہیں، انھوں نے پانی کے بہانے متاثرہ فیملی کے گھر کا گیٹ کھلوایا تھا۔ معاملہ درج ہونے کے بعد پولیس ملزمین کی گرفتاری کے لیے چھاپے ماری کر رہی ہے۔

جائے واردات پر پہنچے ایس پی کمار آشیش نے بتایا کہ جلد ہی ملزمین کو گرفتار کر لیا جائے گا اور ان کے خلاف اسپیڈی ٹرائل چلایا جائے گا۔ ایس پی نے مزید بتایا کہ گاؤں والوں نے شروعات میں متاثرہ اور اس کے باپ کو پنچایت کے ذریعے معاملے کو نپٹانے کے لیے منایا۔ جب معاملہ درج کر لیا گیا، اس کے بعد لڑکی کو میڈیکل جانچ کے لیے اسپتال لے جایا گیا۔ حالانکہ ابھی میڈیکل رپورٹ نہیں آئی ہے۔