خبریں

زہریلی شراب پینے سے اترپردیش-اتراکھنڈ میں 38 لوگوں کی موت

یوپی حکومت نے مرنے والوں کے رشتہ داروں کو 2-2 لاکھ روپے اور شدیدطور پر بیمار لوگوں کو 50 ہزار روپے کا معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

علامتی فوٹو: سلمان انصاری/ڈی این اے

علامتی فوٹو: سلمان انصاری/ڈی این اے

نئی دہلی: گزشتہ 2 دنوں میں زہریلی شراب پینے کی وجہ سے اترپردیش اور اتراکھنڈ میں 38 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ موت کے یہ معاملے اتر پردیش کے سہارن پور، کشی نگراور اتراکھنڈ کے ہری دوار میں سامنے آئے۔ہری دوار ضلع کے ایک گاؤں میں زہریلی شراب پینے سے 12 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ہری دوار کے بھگوان پور کے بالوپور گاؤں میں تیرہویں کے ایک بھوج کے دوران یہ حادثہ ہوا۔

این بی ٹی کی ایک خبر کے مطابق؛ ہری دوار کے ڈی ایم دیپک راوت نے معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کو 8 لوگوں کے مرنے کی اطلاع ملی ہے۔ وہ خود جائے واردات پر روانہ ہو رہے ہیں۔  یوپی حکومت نے مرنے والوں کے رشتہ داروں کو 2-2 لاکھ روپے اور شدیدطور پر بیمار لوگوں کو 50 ہزار روپے کا معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ شراب کی یہ کھیپ اتراکھنڈ سے سہارن پور لائی گئی تھی۔

اتر پردیش حکومت کی طرف سے غیر قانونی شراب پر سختی کے بڑے دعووں کے بیچ سلسلے وار موتیں ہونے سے ہنگامہ مچ  گیا ہے اور انتظامیہ پر بڑے سوال کھڑے ہو گئے ہیں۔ جن ستا کی ایک خبر کے مطابق، 26 لوگوں کی موت یو پی میں اور 12 لوگوں کی موت اتراکھنڈ میں ہوئی ہے۔ سہارن پور میں 16 جبکہ کشی نگر میں تقریباً 1 درجن لوگوں کی موت کی خبر سامنے آئی ہے۔

اس معاملے میں اب تک یوپی کے 10 پولیس اہلکاروں پر کارروائی بھی کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایکسائز کے 13 افسروں کو بھی معطل کیا گیا ہے۔

فی الحال اتراکھنڈ حکومت کی طرف سے کوئی رد عمل نہیں مل پایا ہے۔پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیاہے اور معاملے کی جانچ جاری ہے۔ بتایا جا رہا ہےکہ زہریلی شراب کی وجہ سے کئی لوگ اسپتال میں داخل ہیں، ان میں سے تقریباً 10 کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے۔

اس کے ساتھ ہی پولیس ان لوگوں تک شراب پہنچانے کے پورے نیٹ ورک کی بھی تلاش کر رہی ہے۔ شراب سے موت کے یہ معاملے الگ الگ گاؤں میں سامنے آئے ہیں۔ اس بیچ اتراکھنڈ کے ایکسائز  وزیر پرکاش پنت نے ٹوئٹ کر معاملے کی جوڈیشیل جانچ کا حکم دیا ہے۔ پرکاش پنت نے کہا،’ گھر میں بنائی گئی کچی شراب پینے سے اس واقعہ کے ہونے کی اطلاع آ رہی ہے۔ ‘

خبروں کے مطابق؛ ایس ایس پی ہری دوار جن میجے کھنڈوری اور ایس پی دیہات نونیت سنگھ موقع پر پہنچ گئے ہیں۔دریں اثنا اترا کھنڈ کے ایکسائز منسٹر پرکاش پنت نے روڑکی میں زہریلا شراب پینے سے 12 لوگوں کی موت ہو جانے کی تصدیق کی ہے۔