خبریں

مودی حکومت نے اشرافیہ ریزرویشن کےفیصلہ کی کارروائی کی تفصیل دینے سے کیا انکار: آر ٹی آئی

مرکز کی مودی حکومت نے ایک فروری 2019 سے مرکزی سرکاری عہدوں اور خدمات میں اشرافیہ  کے اقتصادی طور پر کمزور طبقوں کو 10 فیصد ریزرویشن دینے کا اعلان کیا تھا۔

وزیر اعظم نریندر مودی (فوٹو : پی ٹی آئی)

وزیر اعظم نریندر مودی (فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: حکومت نے کابینہ دستاویزوں اور وزراء کی بات چیت کے ریکارڈوں کے انکشاف پرآر ٹی آئی قانون کی  روک سے متعلق دفعات کا حوالہ دیتے ہوئے اقتصادی طور پر کمزور طبقہ (ای ڈبلیو ایس) کے لئے ریزرویشن پر فیصلے کی کارروائی کی تفصیل شیئر  کرنے سے منع کر دیا۔غیر سرکاری تنظیم سی ایچ آر آئی(Commonwealth Human Rights Initiative) کے ساتھ اطلاع تک رسائی پروگرام کے کنوینر وینکٹیش نایک نے اس بارے  میں وزیر اعظم دفتر (پی ایم او) سے موصول  خط وکتابت کے علاوہ کابینہ  نوٹ کی نقل جیسی جانکاریاں مانگی تھیں۔

مرکزی حکومت نے ایک فروری 2019 سے مرکزی سرکاری عہدوں اور خدمات  میں اشرافیہ کے اقتصادی طور پر کمزور طبقوں کے لئے 10 فیصد ریزرویشن کا اعلان کیا ہے۔منسٹری آف سوشل جسٹس اینڈ امپاورمنٹ  نے نایک  کے آر ٹی آئی کے جواب میں کہا کہ مانگی گئی جانکاری مہیّا نہیں کرائی جا سکتی ہے کیونکہ اس کو شفافیت کے قانون کی دفعہ 8 (1) (آئی) کے تحت چھوٹ ملی ہوئی ہے۔دفعہ’ کاؤنسل آف منسٹرس، سکریٹری اور دیگر افسروں کی بحث کے ریکارڈ سمیت کابینہ  دستاویزوں ‘ کاانکشاف کرنے سے روکتی ہے۔

حالانکہ، اسی دفعہ میں آگے کہا گیا ہے کہ فیصلہ لینے اور معاملے کے پورا ہونے یا ختم ہونے کے بعد کابینہ کونسل کے فیصلوں، اس کی وجہ سے اور جس بنیاد پر یہ فیصلہ لیا گیا ہے وہ عوامی اور مہیّا کرائی جائے‌گی۔نایک  نے کہا کہ خط و کتابت کے اطلاعاتی دفتر یا وزارت سماجی انصاف و تفویض اختیارات کی ویب سائٹ پر اس موضوع کے بارے میں کوئی پریس ریلیز نہیں ہے۔

واضح ہو کہ اقتصادی طور پر پچھڑے طبقے کو ریزرویشن دینے کے لئے لائے گئے بل کو پچھلے مہینے 8 اور 9 جنوری کو پارلیامنٹ کے دونوں ایوانوں سے پاس کر دیا گیا تھا اور تین دن میں صدر نے اس کو اپنی منظوری دے دی تھی۔صدر کی سفارش کے بعد منسٹری آف سوشل جسٹس اینڈ امپاورمنٹ نے اشرافیہ کے اقتصادی طور پر کمزور لوگوں کے لئے سرکاری نوکریوں اور تعلیم میں دس فیصد ریزرویشن سے متعلق اس اہتمام کو نافذ کرنے کی نوٹیفکیشن جاری کر دی تھی۔

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)