خبریں

محسن شیخ قتل معاملہ: ملزم  ہندو راشٹر سینا کے چیف کی ضمانت رد کرنے کا مطالبہ

 قابل ذکر ہے کہ ہندو راشٹر سینا  (ایچ آر ایس ) کا چیف دھننجے  دیسائی ان 21لوگوں میں شامل ہے جس کومحسن شیخ   قتل معاملے میں گرفتار کیا گیا تھا۔

جسٹس فار محسن شیخ مہم کے کارکنان میمورنڈم پیش کرتے ہوئے

جسٹس فار محسن شیخ مہم کے کارکنان میمورنڈم پیش کرتے ہوئے

نئی دہلی : جسٹس فار محسن نامی مہم نے محسن شیخ قتل معاملے میں ملزم ہندو راشٹر سینا  (ایچ آر ایس ) کے چیف دھننجے دیسائی  کی ضمانت کو رد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح ہو کہ  بامبے ہائی کورٹ نے دیسائی کو مشروط ضمانت ملنے کے کچھ ہفتے بعدسنیچر کو  یروردا سینڑل جیل سے رہا کر دیا تھا ۔ ایچ آر ایس چیف کی رہائی کے وقت  بڑی تعداد میں اس کے حمایتی  جیل کے باہر جمع ہوئے تھے ۔ قابل ذکر ہے کہ دیسائی ان 21لوگوں میں شامل ہیں جس کو اس  قتل معاملے میں گرفتار کیا گیا تھا۔

جسٹس فار محسن شیخ مہم کے عرفان شیخ نے دی وائر کو بتایا کہ ، مشروط ضمانت ہونے کے باوجود جلوس نکالا گیا جو کہ عدالت کے حکم کی خلاف ورزی ہے ۔ اس لیے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ان کی ضمانت کو جلد از جلد رد کیا جائے ۔عرفان کے مطابق، جلوس نکالنے کے معاملے کو  لے کر پونے پولیس نے دیسائی اور ان کے حامیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔

غور طلب ہے کہ دیسائی کے علاوہ باقی تمام ملزمیں پہلے ہی ضمانت پر رہا کر دیے گئے تھے ۔ دیسائی جون 2014 میں اس واردات کے بعد ہوئی اپنی گرفتاری کے بعد سے جیل میں تھا۔ برابری کی بنیاد پر ضمانت کی مانگ کرتے ہوئے دیسائی نے عدالت کو تحریری بھروسہ دلایا تھا کہ ایچ آر ایس کی سرگرمیوں سے دور رہے گا اور جانچ پوری ہونے تک گواہوں پر کوئی دباؤ نہیں ڈالے گا ۔ دیسائی کو 17 جنوری  کو ضمانت ملی تھی ۔

دیسائی کے وکیل ملند پوار نے بتایا کہ ہائی کورٹ کی مشروط ضمانت سے متعلق قانونی کارروائی کو مکمل کرنے کے بعد ایچ آر ایس چیف کو رہا ئی ملی ہے ۔ پیشے سے سافٹ ویئر انجینئر محسن شیخ کو کو ہڑپ سر علاوے میں مبینہ طور پر ایچ آر ایس کے ممبروں نے 2 جون 2014 کو مار ڈالا تھا ۔ تب شیواجی مہاراج  اور شیو سینا چیف بال ٹھاکرے کی قابل اعتراض تصویریں سامنے آنے کے بعد ہڑپ سر میں فرقہ وارانہ تشدد ہوا تھا۔

دریں اثنا جسٹس فار محسن مہم سے وابستہ افراد نے سوموار کو پورے مہاراشٹر کے 164 مقامات پر سرکاری حکام کو میمورنڈم پیش کیا ۔ جس میں اس معاملے کی شنوائی فاسٹ ٹریک کورٹ کے ذریعے کرنے، وعدے کے مطابق محسن کے بھائی کو سرکاری نوکری اور اس مقدمے کے لیے خصوصی سرکاری وکیل مقرر کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)