خبریں

پلواما حملہ: آل پارٹی میٹنگ میں وزیر اعظم کی غیر موجودگی کو لوگوں نے سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا

 کانگریس رہنما اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو سوشل میڈیا پر مخالفت کے بعد کپل شرما شو سے ہٹا دیا گیا ہے۔

فوٹو : پی آئی بی

فوٹو : پی آئی بی

نئی دہلی: پلواما حملےپر آل پارٹی میٹنگ میں وزیر اعظم نریندر مودی کی غیر موجودگی کو لے کر سوشل میڈیا پر سوال کھڑے کیے جارہے ہیں ۔واضح ہوکہ حملے کے بعداس میٹنگ کا اعلان کیا گیا تھا،جس کی  صدارت وزیر اعظم کرنے والے تھے ۔لیکن سنیچر کو ہوئی اس میٹنگ کی صدارت وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کی جبکہ وزیر اعظم مہاراشٹر کے ریلیوں میں شریک ہوئے۔

غور طلب ہے کہ  دہشت گردی کے خلاف اپنے اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئےاس میٹنگ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ملک کی ایکتا اور سالمیت کو قائم رکھتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم اپنے جوانوں کے ساتھ ایک ساتھ مل کر کھڑے ہیں ۔اس میٹنگ میں بی جے پی اور کانگریس سمیت تمام سیاسی پارٹیوں نے ایک تجویز پاس کرتے ہوئے دہشت گردانہ حملے اوراس کو پاکستان سے ملنے والی حمایت  کی مذمت کی ۔تجویز میں سیدھے طور پر  پاکستان کا نام نہیں لیا گیا لیکن اس بات پر زور دیا گیا کہ ہندوستان سرحد پار سے دہشت گردی کے خطرے کا سامنا کر رہا ہے جس کی پڑوسی ملک کی طاقتوں کے ذریعے حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔

اس میٹنگ میں کانگریس کے غلام نبی آزاد ، آنند شرما اور جیوترادتیہ سندھیا ، ترنمول کاگریس کے سدیپ بندواپادھیائے اور ڈیریک اوبرائے ، شیو سینا کے سنجے راؤت ، تلنگانہ راشٹر سمیتی (ٹی آر ایس) کے جیتندر ریڈی ، سی پی آئی کے ڈی راجہ ، نیشنل کانفرنس کے فاروق عبداللہ اور لوک جن شکتی پارٹی کے رام ولاس پاسوان سمیت دوسرے رہنماؤں نے شرکت کی ۔وزارت داخلہ کے ایک افسر نے بتایا کہ  اس میٹنگ میں تمام پارٹیوں کو پلواما میں ہوئے حملے میں اب تک حکومت نے کیا کیا قدم اٹھائے ہیں اس کے بارے میں مطلع کیا گیا۔

دریں اثنا کانگریس رہنما اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو سوشل میڈیا پر مخالفت کے بعد کپل شرما شو سے ہٹا دیا گیا ہے۔اس پر تبصرہ کرتے ہوئے مہک نامی ایک سوشل میڈیا یوزر نے ٹوئٹ کیا ہے کہ، صرف سدھو کیوں؟  مودی کیوں نہیں جن کے پاس آل پارٹی میٹنگ میں شریک ہونے کا وقت نہیں ہے۔ انہوں نے مزید تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ،انتخابی تشہیر زیادہ اہم ہے ۔

کلدیپ تیواری نے انگریزی میں ٹوئٹ کیا ہے کہ ، شرم کی بات ہے آج مودی آل پارٹی میٹنگ چھوڑ کرمہاراشٹرافتتاحی پروگرام میں فوٹو کھنچوانے چلے گئے۔

اسی طرح پرینکا گاندھی کے فوٹو کو پروفائل پکچر بنائے ہوئے ایک آئی دی انڈین نامی ٹوئٹر ہینڈل نے سوال کھڑا کیا ہے کہ ، پلواما حملے کو لے کر ہوئی آل پارٹی میٹنگ میں وزیر اعظم مودی کیوں شامل نہیں ہوئے ۔ کیا وہ انتخابی تشہیر کے عادی ہیں ۔ وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے مذکورہ نوٹ میں پاکستان کا نام کیوں  نہیں ہے ؟ کون ڈرا ہوا ہے؟